پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ایک ارب ڈالر کے تجارتی معاہدے پر دستخط

 
0
71

پاکستان اور ازبکستان نے تاشقند میں ایک ارب ڈالر کے تجارتی معاہدے پر دستخط کردیے۔وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے جمعہ کو تاشقند میں ازبکستان کے وزیرسرمایہ کاری، صنعت وتجارت لذیذ قدرت سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات دونوں ممالک کے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن برائے تجارت،معیشت،سرمایہ کاری،سائنسی وتکنیکی تعاون کے آٹھویں اجلاس کے موقع پرہوئی۔

ملاقات میں دونوں ممالک نے تاشقند میں ایک ارب ڈالر کے تجارتی معاہدے پر دستخط کردیے جبکہ دوطرفہ اقتصادی اورتجارتی شعبہ جات میں تعاون کوفروغ دینے کے طریقوں کاجائزہ لیا گیا۔اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان اشیا اور خدمات کی تجارت کو فروغ دینے اور تجارت، بینکنگ، سرمایہ کاری، صنعت، ٹیکسٹائل سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان قریبی برادارانہ تعلقات قائم ہے اور پاکستان ازبکستان سمیت وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تعلقات کوبہت اہمیت دیتا ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کی حقیقی استعداد سے فائدہ اٹھانے سے دونوں ممالک کوفائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کوفروغ دینے کی ضرورت پرزوردیا۔