زمین پر قبضے کی کوشش،سینئر سپیشل مجسٹریٹ سی ڈی اے نے ملزم کو سزا سنا دی

 
0
119
  • سینئر سپیشل مجسٹریٹ سی ڈی ایایم سی آئی نے ملزم فاروق خان کو لینڈ اسکیپ آرڈیننس اور سی ڈی اے آرڈیننس کی خلاف ورزی پر 6ماہ قید با مشقت اور 225000ر وپے جرمانے کی سزا سنا دی۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز عدالت سینئر سپیشل مجسٹریٹ نے انوائرنمنٹ سی ڈی اے کی جانب سے بھیجے گئے چالان کی سماعت کی۔ ملزم نے عدالت کے روبرو پیش ہو کراس بات کو تسلیم کیا کہ ملزم نے سی ڈی اے کی زمین پر مٹیریل کی ڈمپنگ کی ہوئی ہے اور اس کے واٹر ٹینک بھی سی ڈی اے کی زمین پر کھڑے ہوتے ہیں۔

عدالت نے ملزم سے استفسار کیا کہ آپ کے پاس سی ڈی اے کی طرف سے جاری کیا گیا کسی قسم کا کوئی این او سی ہے جس پر ملزم نے کہا کہ میرے پاس کوئی این او سی نہیں ہے، مجھ سے غلطی ہو گئی ہے عدالت معاف کر دے۔ اس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سی ڈی اے بائی لاز کی کسی کو بھی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے۔ عدالت سینئر سپیشل مجسٹریٹ سردار محمد آصف نے ملزم کولینڈ اسکیپ آرڈیننس اور سی ڈی اے آرڈیننس کی خلاف ورزی پر 6ماہ قید با مشقت اور225000روپے جرمانے حکم سناتے ہوئے اڈیالہ جیل بھیج دیا۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو مزید ایک ماہ کی قید محض کاٹنا ہو گی۔