مختلف وارڈز کے اے سی بند، باتھ روم خراب، ٹوٹیاں غائب، صفائی کے ناقص انتظامات، محسن نقوی بد انتظامی پر شدید برہم

 
0
71

ایم ایس اورہسپتال انتظامیہ کی سرزنش،مریضوں نے ادویات نہ ملنے کی شکایات کیں، ریڈنگ روم اور کیفے ٹیریا کو بہتر بنانے کا حکم
محسن نقوی کاشدید گرمی و حبس میں میوہسپتال کا ساڑھے 3 گھنٹے طویل دورہ،4ماہ میں سٹیٹ آف آرٹ ہسپتال بنانے کااعلان
ایک ہفتے کے اندرماسٹر پلان طلب،چلڈرن بلاک کا نام میوچلڈرن ہسپتال رکھنے کا اعلان،نیا کارڈیک بلاک بنانے کا اصولی فیصلہ
ایمرجنسی وارڈ کوبھی نئی جگہ پر جدید ایمرجنسی میں تبدیل کیا جائے گا، ایک وارڈ کو ڈاکٹر فیصل مسعود مرحوم سے منسوب کیا جائے گا
ہاسٹل میں ادائیگی کیساتھ ایئر کنڈیشنرکی اجازت کا فیصلہ، ادویات کا نہ ہونا ناقابل معافی، میوہسپتال کا معیار آغا خان ہسپتال کے برابر لانا چاہتے ہیں:محسن نقوی
لاہور22جون: نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے آج شدید گرمی و حبس میں میوہسپتال کا ساڑھے 3 گھنٹے طویل تفصیلی دورہ کیا-محسن نقوی نے ایمرجنسی اور دیگر وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کاجائزہ لیا۔ مختلف وارڈز کے اے سی بند تھے، باتھ روم خراب اور ٹوٹیاں غائب تھیں،وارڈز میں صفائی کے ناقص انتظامات تھے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس بد انتظامی پر شدید برہمی کااظہار کیا اورایم ایس اورہسپتال انتظامیہ کی سرزنش کی- مریضوں نے میو ہسپتال میں ادویات نہ ملنے کی شکایات کیں -وارڈ کی راہداری سے گزرتے ہوئے ایک ماں اپنے مریض بیٹے کو اٹینڈ نہ کرنے پر رو پڑی-نگران وزیر اعلی محسن نقوی دکھیاری ماں کے ساتھ خود آئی سی یو پہنچ گئے-متعلقہ وارڈ کے انچارج ڈاکٹروں سے باز پرس کی اورایم ایس کو وہاب نعیم کے علاج کے لئے ہدایات دیں -مریضوں اور تیمارداروں نے نگران وزیر اعلی محسن نقوی کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا -نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے مسائل سنے اور موقع پر ہی ان کے حل کے لئے ہدایات دیں -نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے چلڈرن ایمرجنسی میں ٹوکن لے کر پورے پراسس کا جائزہ لیا-نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے فوری طور پر ریڈنگ روم اور کیفے ٹیریا کو بہتر بنانے کا حکم دیااورکنگ ایڈورڈمیڈیکل کالج کے طلبہ کو ہاسٹل میں ادائیگی کے ساتھ ایئر کنڈیشنرلگوانے کی اجازت کا فیصلہ کیا- محسن نقوی نے ڈائلسز یونٹ، ایمرجنسی وارڈ، میڈیکل،او پی ڈی، سرجیکل آؤٹ ڈور، ایسٹ میڈیکل وارڈ، بلقیس سرور آئی سی یو کا معائنہ کیا- محسن نقوی نے ای سی جی روم، کارڈیالوجی آئی سی یو، فارمیسی، ان ڈور میڈیکل، سرائے سمیت دیگر شعبوں کا بھی دورہ کیا-نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے4 ماہ میں 2 مراحل میں میوہسپتال کو سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنانے کا اعلان کیاجبکہ ایک ہفتے کے اندر میوہسپتال کی بہتری کا پلان طلب کر لیا ہے-محسن نقوی نے چلڈرن بلاک کا نام میوچلڈرن ہسپتال رکھنے کا اعلان کیا -میوہسپتال میں تمام جدید سہولتوں سے آراستہ کارڈیک بلاک بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا- ایمرجنسی وارڈ کوبھی نئی جگہ پر جدید ایمرجنسی میں تبدیل کیا جائے گا-میوہسپتال کے ایک وارڈ کو ڈاکٹر فیصل مسعود مرحوم سے منسوب کیا جائے گا-محسن نقوی نے کہا کہ ادویات کا نہ ہونا ناقابل معافی ہے، میوہسپتال کا معیار آغا خان ہسپتال کے برابر لانا چاہتے ہیں – نگران وزیر اعلی محسن نقوی کو کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کے کمیٹی روم میں تفصیلی بریفنگ دی گئی -بریفنگ میں کے ای یونیورسٹی سے ملحقہ 7 ہسپتالوں کے ایم ایس، ڈین اور سی ای او نے شرکت کی- صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، سیکرٹری صحت، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، وائس چانسلر کنک ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، چیف ایگزیکٹو آفیسر میو ہسپتال، لیڈی ایچی سن ہسپتال، لیڈی ولنگٹن ہسپتال، میو ہسپتال، میاں منشی ہسپتال، کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے-