پنجاب حکومت اور ینگ ڈاکٹرز کے درمیان مذاکرات کی کوششیں ناکام

 
0
515

لاہور 12اگست (ٹی این ایس ) پنجاب حکومت اور ینگ ڈاکٹرز کے درمیان مذاکرات کی کوششیں ناکام ہونے کے بعد ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتا ل مسلسل جاری تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے 70 سے زائد ہڑتالی ڈاکٹروں کو ملازمت سے برطرف کر کے نئے ڈاکٹرز کی بھرتی کا عمل شروع کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال مسلسل جاری ہے جسے ختم کرنے کیلئے پنجاب حکومت کے نمائندوں اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات ہوئے جس کی ناکامی کے بعد ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا۔انڈکشن پالیسی اور سیکریٹری ہیلتھ کی برطرفی کا مطالبہ لیے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال بارہویں روز بھی جاری رہی جس کے باعث دور دراز سے آئے مریض اور ان کے اہل خانہ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔لاہور کے سول اور جناح اسپتال سمیت ملتان کے نشتر اسپتال، انسٹی ٹیویٹ آف کارڈیالوجی، سول اسپتال، چلڈرن کمپلیکس، شہباز شریف اسپتال اور دیگر سرکاری اسپتالوں میں ہڑتال جاری رہی جس کی وجہ سے او پی ڈی میں مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی معطل ہے۔فیصل آباد، گوجرانوالہ، رحیم یار خان اور گجرات سمیت دیگر شہروں میں بھی ہڑتال کے باعث ینگ ڈاکٹرز صرف ایمرجنسی سروسز میں اپنی ڈیوٹیز دے رہے ہیں ۔