اسلام آباد (ٹی این ایس) :سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد ساڑھے 54 ہزار سے تجاوز کرگئی

 
0
70

سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، اس ضمن میں عدالتِ عظمٰی کی جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق عدالتِ عظمٰی میں زیر التوا مقدمات کی تعداد ساڑھے 54 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے 30 جون تک زیر التوا مقدمات کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق عدالتِ عظمٰی میں زیر التوا مقدمات کی مجموعی تعداد 54 ہزار 965 ہوگئی ہے۔
سپریم کورٹ کی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عدالتِ عظمٰی میں زیر التوا سول پیٹیشنز کی تعداد 29 ہزار 774 تک پہنچ گئی ہے۔
عدالت عظمی میں زیرِالتوا سول اپیلوں کی تعداد 9 ہزار 804 جب کہ زیر التوا فوجداری درخواستوں کی تعداد 8 ہزار 991 ہے۔ رپورٹ کے مطابق زیر التوا نظرثانی درخواستوں کی تعداد ایک ہزار 483 ہے۔
رپورٹ کے مطابق زیر التوا آئینی درخواستیں 161 جب کہ زیر التوا فوجداری اپیلوں کی تعداد ایک ہزار 84 ہے۔ سپریم کورٹ میں 25 از خود نوٹس سمیت ایک ریفرنس زیر التوا ہے