اسلام آباد (ٹی این ایس)پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات ہیں، وزیرخزانہ اسحاق ڈارکی ایرانی سفیرسے ملاقات

 
0
201

وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے نئے اسلامی سال کے آغاز پر ایرانی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات اور رشتے قائم ہیں۔انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وزیر خزانہ نے سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاکستان میں ایران کے سفیر کا عہدہ سنبھالنے پر انہیں مبارکباد دی۔ ایرانی سفیرنے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کا تذکرہ کیا اور باہمی تعاون کے امکانات پر زور دیا۔

انہوں نے تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے میں موجودہ حکومت کے تعاون اور حمایت کو سراہا۔ملاقات میں فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور سلامتی سمیت باہمی تعاون کے مختلف شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے حال ہی میں کھولی گئی سرحدی منڈیوں کو فعال کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان مزید تین بارڈر مارکیٹیں کھولنے پر تبادلہ خیال کیا تاکہ بارٹر نظام کار کے ذریعے زیادہ سے زیادہ تجارت کویقینی بنایا جا سکے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بڑھانے میں تکنیکی رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔

ملاقات میں ایران اورپاکستان کے درمیان بینکنگ کے شعبے میں تعاون کابھی جائزہ لیاگیا، دونوں ممالک کے مرکزی بینکوں کے سربراہان اگلے ہفتے پاکستان میں ملاقات کریں گے جس میں بینکاری تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا اور امورکو حل کیا کرنے کی کوشش کی جائیگی۔ وزیر خزانہ اور ایرانی سفیر نے مشترکہ اقتصادی وزارتی کمیشن کے فیصلوں کو سراہا جس کا 5 سال بعد اجلاس ہوا۔

فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کے لیے اقدامات پر تیزی سے عملدرآمد پر زور دیا۔ ملاقات میں فریقین نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن پر بھی بات چیت کی اور دونوں ممالک کے فائدے کے لیے تکنیکی رکاوٹوں کو باہمی طور پر حل کرنے پر زور دیا۔ فریقین نے بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کے لیے باہمی تعاون اور حمایت کو بھی سراہا۔

وزیر خزانہ نے پاکستان میں اپنے دور حکومت کے دوران ایران کے سفیر کوحمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔ ایران کے سفیر نے وزیر خزانہ کے تعاون اور حمایت پران کا شکریہ ادا کیا۔