کوئٹہ اگست13(ٹی این ایس)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کوئٹہ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ گذشتہ روز ہونے والے دہشت گردی حملے کے بعد شہر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ گذشتہ روز کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی حملے کے بعد شہر کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
اس کے علاوہ آرمی چیف بلوچستان اور خاص طور پر کوئٹہ کی سیکورٹی صورت حال کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی سربراہی کریں گے، جس میں انہیں شہر میں امن وامان سے متعلق بریفنگ بھی جائے گی۔
آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ مقامی ملٹری اور سول اسٹیبلشمنٹ سے ملاقاتیں کریں گے جس میں سیکورٹی کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف حملے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے ملاقاتیں اور زخمیوں کی عیادت بھی کریں گے۔
یادہے کہ گذشتہ روز کوئٹہ کے علاقے پشین اسٹاپ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 8 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 15 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوئے تھے۔واقعے کی ابتدائی تفتیش کے مطابق خود کش حملے میں فوجی ٹرک کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 8 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔