لاہور( ٹی این ایس)محسن نقوی کا جنرل ہسپتال کا دورہ

 
0
149

محسن نقوی کا جنرل ہسپتال کا دورہ، اے سی پھر بند۔ تیماردار اپنے مریضوں کو ہاتھ والے پنکھے سے ہوا دینے پر مجبور ۔واش رومز کی ابتر صورتحال، ناقص صفائی

وزیر اعلی محسن نقوی ہسپتال کی حالت زار پر شدید برہم۔صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم، سیکرٹری صحت،پرنسپل اور ایم ایس کو فوری طور پر ہسپتال پہنچنے کا حکم

مریضوں اور تیمارداروں کی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت۔افسوس کا مقام ہے کہ واضح ہدایات کے باوجود اے سی ٹھیک نہیں کئے گئے۔ محسن نقوی

لاہور13 اگست: -نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے آج ایک بار پھر جنرل ہسپتال کا دورہ کیا۔ ہسپتال کے اکثر وارڈز کے اے سی پھر بند تھے، تیماردار اپنے مریضوں کو ہاتھ والے پنکھے سے ہوا دے رہے تھے ۔ واش رومز کی صورتحال ابتر اور صفائی کے انتظامات ناقص تھے، مریضوں اور تیمارداروں نے وزیر اعلی محسن نقوی کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیئے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے ہسپتال کی حالت زار پر شدید برہمی کااظہار کیا اور صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ ڈاکٹر جاوید اکرم، سیکرٹری صحت،پرنسپل جنرل ہسپتال اور ایم ایس کو فوری طور پر ہسپتال پہنچنے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے کہاکہ افسوس کا مقام ہے کہ واضح ہدایات کے باوجود اے سی ٹھیک نہیں کئے گئے اور مریضوں کا گرمی اور حبس سے برا حال ہے ۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں اور تیمارداروں سے ملاقات کی۔وزیر اعلی محسن نقوی نے علاج معالجے کی سہولتوں اور اے سی چلنے کے بارے دریافت کیا۔مریضوں اور تیمارداروں نے اے سی بند کی شکایات کیں۔وزیر اعلی محسن نقوی نے موقع پر ہی فون کرکے صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم، سیکرٹری صحت اور پرنسپل کو ہسپتال پہنچنے کی ہدایت کی اور کہاکہ مریضوں کی شکایات کا فی الفور ازالہ کیا جائے۔