گنڈا سنگھ والا (ٹی این ایس) بھارت کی آبی جارحیت

 
0
51

محسن نقوی کی صورتحال کا جائزہ لینے تلوار پوسٹ آمد،متاثرہ علاقوں کا دورہ، فلڈ ریلیف کیمپ اور سرحدی دیہات میں سیلاب متاثرین سے ملاقات
فلڈ ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا، ستلج میں پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا،متاثرین کیلئے کھانے پینے کا مناسب انتظام کرنے کی ہدایت
متاثرہ علاقوں سے لوگوں کا انخلاء ہر صورت یقینی بنایا جائے،لوگوں کی زندگیوں کا تحفظ پہلی ترجیح ہے:محسن نقوی
گزشتہ 3 روز میں فلڈ ریلیف سرگرمیوں میں مصروف انتظامیہ،پولیس اور محکمہ آبپاشی کے افسروں اور ملازمین کی کارکردگی کو سراہا
لاہور19اگست:بھارت کی آبی جارحیت،ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا اخراج 2 لاکھ 78 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا -علاقے میں انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی-نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی صورتحال کا جائزہ لینے تلوار پوسٹ گنڈا سنگھ والا پہنچ گئے -وزیر اعلی نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور فلڈ ریلیف کیمپ اور گنڈا سنگھ والا کے سرحدی دیہات میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی-محسن نقوی نے فلڈ ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا اور گنڈا سنگھ والا کے مقام پر دریائے ستلج میں پانی کی صورتحال کا جائزہ لیااورمتاثرین کے لئے کھانے پینے کا مناسب انتظام کرنے کی ہدایت کی-محسن نقوی نے کہا کہ مویشیوں کے لئے چارے کا بھی انتظام کیا جائے۔ لوگوں کے ساتھ مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ 35 برس بعد دریائے ستلج میں 2 لاکھ 78 ہزار کیوسک ریکارڈ پانی آیا۔متاثرہ علاقوں سے لوگوں کا انخلاء ہر صورت یقینی بنایا جائے۔لوگوں کی زندگیوں کا تحفظ پہلی ترجیح ہے۔ کشتیوں کے ذریعے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے محکمہ آبپاشی کے جاں بحق بیلدار کے لواحقین کے لئے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا- وزیر اعلی محسن نقوی نے سیکرٹری آبپاشی کو ہدایت کی کہ حفاظتی بند مضبوط بنانے کے لئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ محسن نقوی نے گزشتہ 3 روز میں فلڈ ریلیف سرگرمیوں میں مصروف انتظامیہ،پولیس اور محکمہ آبپاشی کے افسروں اور ملازمین کی کارکردگی کو سراہا اور شاباش دی۔وزیر اعلی محسن نقوی کو دریائے ستلج میں پانی کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی-بریفنگ میں بتایا گیا کہ 7800 لوگوں کا انخلاء کیا گیا ہے جبکہ 660 مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات و لوکل گورنمنٹ عامر میر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری آبپاشی، کمشنر لاہور ڈویژن، آر پی او، ڈی جی ریسکیو1122، ڈپٹی کمشنر قصور، ڈی پی او اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے-