نگراں وزیر صحت سندھ کی ڈیوٹی سے غیر حاضری، عدم توجہی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر ایم ایس و ڈاکٹرز کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لینے کی ہدایت
سرکاری اسپتالوں کی انتظامیہ نے اپنی پرانی روش نہ بدلی تو سخت انتظامی کاروائی عمل میں لائی جائے گی، ڈاکٹر سعد کی تنبیہ
کراچی( رپورٹ : پیر بخش نوناری) نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے سندھ گورنمنٹ اسپتال کورنگی نمبر 5 کا اچانک دورہ کیا اور میڈیکل سپرنٹینڈنٹ و ڈاکٹرز کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کیا۔ نگراں وزیر صحت نے اسپتال کے مختلف وارڈوں کا بھی دورہ کیا اور جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر، سیوریج کی ابتر صورتحال استعمال شدہ سرنجوں اور زائد المعیاد دواؤں کی موجودگی کا بھی نوٹس لیا۔ نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے ڈیوٹی سے غیر حاضری اور عدم توجہی پر ایم ایس و ڈاکٹرز کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لینے کی ہدایت بھی دی۔ اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، عملے کی غیر حاضری، عدم توجہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اسپتالوں کی حالت کو جاننے کے لیے بذات خود اچانک دورے کررہا ہوں اور یہ سلسلہ تیزی سے جاری رہے گاوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسپتال دستیاب وسائل ہی مناسب طریقے سے استعمال کریں تب بھی ایسی صورتحال پیدا نہ ہوگی، اپنے اداروں کو ٹھیک کرنے سے قبل خود کو بدلنا ہوگا۔ ڈاکٹر سعد خالد نے متنبہ کیا کہ ابتدائی اچانک دورے دیگر اسپتالوں کے لیے مثال ہیں، اگر سرکاری اسپتالوں کی انتظامیہ نے اپنی پرانی روش نہ بدلی تو انکے خلاف سخت انتظامی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔