اسلام آباد (ٹی این ایس) فضل الرحمان کی حماس کے رہنماوں سے ملاقات، غزہ کی صورتحال پر گفتگو

 
0
65

جمعیت علما اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے قطر میں فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے رہنماوں سے ملاقات کی ہے جس کے دوران غزہ کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

ترجمان جے یو آئی اے اسلم غوری نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان وفد کے ہمراہ ہفتے کے روز قطر پہنچے تھے جہاں انہوں نے حماس کے رہنماں خالد مشعل اور اسماعیل ہنیہ سے ملاقات کی ہے جبکہ ملاقات کے دوران سیکرٹری جنرل جے یو آئی سندھ مولانا راشد محمود سومرو اور مفتی ابرار احمد بھی موجود تھے۔اسلم غوری نے بتایا کہ ملاقات کے دوران رہنماوں کے درمیان مسئلہ فلسطین پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل قبلہ اول کو ہیکل میں بدلنے کی مذموم کوشش کررہا ہے جبکہ فلسطینی صرف اپنی زمین نہیں امت کی طرف سے قبلہ اول کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اب وقت آگیا ہے امت مسلمہ عملی میدان میں فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہو۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک کے ہاتھ معصوم بچوں اور خواتین کے خون سے رنگے ہیں۔

سربراہ جمعیت علما اسلام نے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔ترجمان جے یو آئی کے مطابق ملاقات کے دوران حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کا فرض ہے کہ وہ اسرائیلی مظالم کے خلاف متحد ہو جائے، انسانی حقوق کے دعویدار ممالک ہتھیاروں سے بھرے جہاز تل ابیب بھیج رہے ہیں۔اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ امت مسلمہ بھی اپنے فلسطینی بھائیوں کی حمایت کے لئے میدان میں نکلے اور مسلمان ممالک بھی اپنی فلسطینی ماوں بہنوں اور بھائیوں کی مدد کریں۔اس موقع پر حماس رہنما خالد مشعل کا کہنا تھا کہ کشمیر اور فلسطین میں مظالم انسانی حقوق کے دعویداروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔