گلگت(ٹی این ایس)دیامر واقعے میں بھارت کا ہاتھ ہوسکتا ہے،جلد ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، شمس لون

 
0
204

صوبائی وزیر داخلہ شمس لون کا کہنا ہے کہ دیامر واقعہ افسوس ناک ہے جس میں بھارت کا ہاتھ ہوسکتا ہے، اس دہشت گردی کے واقعے کو کسی اور زاویے سے نہ دیکھا جائے۔

گلگت میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ شمس لون کا کہنا تھا کہ دیامر واقعہ افسوسناک ہے اور یہ سراسر دہشت گردی ہے جس میں بھارت ملوث ہوسکتا ہے، اسے کسی اور زاویے سے نہ دیکھا جائے۔ گلگت بلتستان کے عوام خصوصا جو لوگ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز استعمال کرتے ہیں ان سے التماس ہے وہ اسے مثبت طریقے سے استعمال کریں، اور تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے بھی گزارش ہے کہ وہ منبر پر بیٹھ کر اس واقعے کی پرزور مذمت کریں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم بہت جلد اس واقعے میں ملوث کرداروں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، وزیراعلی نے خصوصی ہدایت جاری کی ہے کہ اس واقعے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کا علاج چاہے گلگت میں ہو یا ملک کے کسی بھی شہر میں اس کا خرچہ حکومت گلگت برداشت کرے گی۔شمس لون کا کہنا تھا کہ گلگت اور پورے صوبے کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے، ہر حکومت کی کوشش ہوتی ہے کہ دہشت گردی کو روکا جائے، تمام مسلمان اس طرح کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں لیکن چند شرپسند عناصر اس طرح کی تخریب کاری میں ملوث ہوتے ہیں۔