اسلام آباد(ٹی این ایس) آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا نیشنل ایرواسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کو اسٹریٹجک اہمیت کامنصوبہ قرار

 
0
79

راولپنڈی
….آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کو قومی اور اسٹریٹجک اہمیت کا حامل منصوبہ قرار دیا ہے ,پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی میں قائم نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک سلیکون کے دوسرے چیپٹر کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے منصوبے کو قومی اور اسٹریٹجک اہمیت کا حامل منصوبہ قرار دیا اور توقع ظاہر کہ اس منصوبے سے ملک بالخصوص نوجوان اور آئندہ نسلوں کو بے پناہ فائدہ ہوگا، یہ منصوبہ تکنیکی ترقی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ قوم کو خود انحصاری کے حصول کیلیے ایک پلیٹ فارم پیش کر سکے گا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ایروسپیس سائنس کے شعبے میں ایک اور سنگ میل کے حصول میں پاک فضائیہ، اس کی قیادت اور ہنر مند اہلکاروں کی کوششوں کو سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ایرو اسپیس، سائبر اور آئی ٹی کے شعبوں میں بہترین ادارہ ثابت ہوگا جو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں ٹیکنالوجیز کیلیے ڈیزائن، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ اور تخلیقی مراکز کا کام دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے قومی سطح پر سماجی، اقتصادی، سکیورٹی اور سائنسی فوائد کے حصول کے وژن کو آگے بڑھایا جا سکے گا۔بعد ازاں، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا بھی دورہ کیا جہاں کور کمانڈر کراچی نے ان کا خیر مقدم کیا اور انہیں کور کی آپریشنل تیاریوں، تربیتی امور، فوجیوں اور شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کیلیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا ۔