اسلام آباد(ٹی این ایس)بڑی سیاسی جماعتوں کے ٹکٹ حاصل کرنے والے بیشتر آپس میں قریبی رشتہ دار نکلے

 
0
42

تحریک انصاف اور مسلم لیگ نے درجنوں ایسے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے ہیں جو آپس میں رشتہ دار ہیں۔پی ٹی آئی نے 33 ایسے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے جو آپس میں رشتہ دار ہیں جن میں باپ بیٹا، باپ بیٹی، بھائی ، بہن بھائی ،بہنیں، ماموں بھانجا ، چچا بھتیجا، خالہ بھانجی، برادر نسبتی اور کزن شامل ہیں۔ جبکہ دوسری جانب مسلم لیگ ن نے 38 قریبی رشتہ داروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کیے۔

تحریک انصاف نے رحیم یار خان سے رئیس محبوب کو قومی اور ان کے بیٹے رئیس حمزہ محبوب کو صوبائی ٹکٹ، ملتان سے سابق ایم این اے مخدوم زین قریشی اور ان کی بہن مہر بانو قریشی کو قومی اسمبلی ،اٹک سے میجر (ر)طاہر صادق، ان کی بیٹی ایمان وسیم دونوں کو قومی اسمبلی کا ٹکٹ دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ لودھراں سے سابق ایم این اے پیر اقبال شاہ کو قومی اور ان کے بیٹے سابق ایم پی اے عامر اقبال شاہ کو صوبائی ، وہاڑی سے اورنگ زیب کچھی اور ان کے بھائی جہانزیب کچھی کو قومی و صوبائی ،راجن پور سے دو بھائیوں احمد علی دریشک اور عاطف علی دریشک کو قومی اور ان کے کزن سابق ایم پی اے اویس دریشک کو صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔

ملتان سے سابق ایم این اے عامر ڈوگر کو قومی اور ان کے بھائی ملک عدنان ڈوگر کو صوبائی اسمبلی ٹکٹ دیا گیا ہے۔