اسلام آباد(ٹی این ایس) اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں پانچویں یورو ویلیج ثقافتی میلے کا انعقاد

 
0
34

 :یورپی یونین اور اس کے رکن ممالک جن میں فرانس، جرمنی، آسٹریا ، بیلجیم ، اٹلی، بلغاریہ، پولینڈ، چیک جمہوریہ، ڈنمارک، فن لینڈ، یونان، ہنگری، رومانیہ، اسپین اور نیدرلینڈ کے سفارتی مشنوں کی جناب سے پانچویں رنگا رنگ یورو ولیج کا اہتمام کیا گیا جس میں جڑواں شہروں سے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان 60 سال سے زائد عرصے سے قائم مضبوط روابط کو اجاگر کیا گیا۔ سال 2024 کے یورو ویلج کے ثقافتی میلے کا موضوع ایک پائیدار مستقبل کی مشترکہ تخلیق پر مرکوز تھا ، جس کا عنوان”مضبوط ساتھ۔ہمیشہ کے لئے پائیدار” تھا۔ یورو ویلج میں یورپی یونین اور رکن ممالک کی جانب سے خصوصی اسٹال بھی لگائے گئے جن میں ثقافتی اشیاء، معلوماتی کتابچے، تحائف اور ان ممالک کے روایتی کھانوں کے ساتھ شرکاء کی تواضع بھی کی گئی۔

یورپ کے ثقافتی میلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے کہاکہ یورو ولیج ہمارے لئے ایک اہم تقریب ہے۔ ہم عوام سے عوام کے روابط کے لئے اس کوشش کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔یورپی یونین چیلنجز سے نمٹنے اور سب کے لیے پائیدار مستقبل کی تشکیل میں مدد کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔پاکستان ان ممالک میں سے ایک ہے جو آب و ہوا کی تبدیلی سے سب سے زیادہ خطرے میں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آپ ایک پائیدار مستقبل کی مشترکہ کاوش کے ہمارے تجربہ سے استفادہ کریں،یورپ آب و ہوا کے لحاظ سے غیر جانبدار پہلا براعظم بننے کا عزم رکھتا ہے لیکن وہ ماحول دوست منتقلی کے لیے اپنے شراکت داروں کی مدد کا بھی خواہاں ہے۔

سفیر رینا کیونکا کی جانب سے یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان دوستی ٹرک کی نمائش کی گئی جس میں پاکستانی ٹرک آرٹ کو یورپی علامتوں اور ڈیزائنوں کے ساتھ مزین کیاگیا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ جڑواں شہروں سے آئے افراد کو محضوض کرنے کے لیے ان کے من پسند گلو کاروں فرحان سعید اور قر العین بلوچ کو بھی مدعو کیا گیا تھا جنہوں نے اپنی منفرد گائیکی کے ذریعے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔