اسلام آباد(ٹی این ایس) اسپیکر کی زیر صدارت اجلاس، قومی اسمبلی کا ماحول خراب کرنیوالے اراکین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

 
0
18

قومی اسمبلی میں اپوزیشن کا احتجاج اور غیر لچکدار رویئے پرسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں ارکان کے غیر متعلقہ اشیا ایوان میں لانے پر پابندی لگانے پر غور کیا گیا ، ایاز صادق نے ایوان کی کارروائی کا ویڈیو ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ڈپٹی سپیکر غلام مصطفی شاہ اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے سینئر افسران نے شرکت کی جس دوران قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کے تناظر میں حکمت عملی ، پوسٹر اور بینر سمیت دیگر اشیا لانے پر پابندی عائد کرنے پر بھی غور کیا گیا ۔شرکا نے سپیکر اور وزیراعظم کے الیکشن میں اپوزیشن ارکان کے غیرپارلیمانی رویئے پر افسوس کا اظہار کیا ، سپیکر نے بعض اراکین کی جانب سے دستاویزات پھاڑ کر نومنتخب وزیراعظم پر پھینکنے کو افسوسناک قرار دیا۔ سپیکر نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کے رہنماوں نے صرف 10 منٹ پرامن احتجاج کا وعدہ کیا، پھر انحراف کیا۔
اجلاس میں سنی اتحاد کونسل کے بعض ارکان کو وارننگ جاری کرنے پر بھی مشاورت کی گئی ،سپیکر نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے دونوں اجلاسوں میں ہوئے احتجاج کا ویڈیو ریکارڈ طلب کرلیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پرامن احتجاج سب کا حق لیکن پرتشدد کارروائیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی،جارحانہ رویہ اپناتے ہوئے ایوان کا ماحول خراب کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی،سپیکر نے ایوان کاماحول سازگار بنانے کے لیے پھر اپوزیشن رہنماوں سے بات چیت کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سنی اتحاد کونسل کے جارحانہ رویئے کے باعث کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ ہوسکتا ہے،ارکان قومی اسمبلی کو ایوان کے اندر غیرمتعلقہ اشیا لانے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے،اجلاس کو سنی اتحاد کونسل کے ایک رکن کی ایوان میں سگریٹ نوشی سے بھی آگاہ کیا گیا۔