لاہور(ٹی این ایس) نواز شریف اور مریم کی زیر صدارت پنجاب حکومت کے اجلاس کی اندرونی کہانی

 
0
146

قائد مسلم لیگ ن میاں نوازشریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے پنجاب حکومت کے اہم اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف آئی ایم ایف کے مطالبات پر بول پڑے۔

انہوں نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی، گیس اور کتنی مہنگی ہو گی؟ آئی ایم ایف کے مطالبات پورے کرتے کرتے عوام کے صبر کو کب تک آزمائیں گے؟قائد ن لیگ کا کہنا تھا کہ سب حکومتوں کو چاہیے فوری طور پر اپنے اخراجات کم کر کے عوام کو سہولیات دینے پر کام کریں، یہ بات بھی درست ہے کہ گردشی قرضوں سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے جان چھڑانا ہو گی ورنہ یہ ملک کو کھا جائیں گے، کسانوں، کاشتکاروں اور دیگر کارروبار کو سہولیات ملنی چاہئیں۔

سابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ چھوٹے کسانوں کے مسائل حل کرنے پر فوکس کریں، ان کو مہنگی بجلی ملے گی تو کیا بچے گا؟ اس پر سوچنا ہوگا، چھوٹے کسانوں کے مہنگی بجلی کے مسئلے کا جلد از جلد حل نکالیں، حکومت پنجاب کسانوں کو سولر پینل دینے پر پیسے خرچ کرے۔ لیگی قائد نواز شریف نے پنجاب حکومت کو وفاق کی مدد کے ساتھ چھوٹے کسانوں کے لئے مہنگی بجلی کا مسئلہ حل کرنے کا ٹاسک بھی دیدیا۔