اسلام آباد(ٹی این ایس) : چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی ہدایت پر شہر بھر میں انسداد تجاوزات آپریشن

 
0
20

اسلام آباد: (پ ر: مورخہ 20 مارچ، 2024): چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی ہدایت پر شہر بھر میں انسداد تجاوزات آپریشن کئے جارہے ہیں. تاکہ اسلام آباد کی زمین کو غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات سے پاک رکھ جاسکے. یہ آپریشنز انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے کررہی ہے.

تفصیلات کے مطابق یہ آپریشن اسلام آباد ہائی وے، سیکٹر G-9، I-11، I-9 سمیت بری امام، کھنہ پل اور اسلام آباد ہائی وے پر کئے گئے. جہاں متعدد تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کرکے سرکاری اراضی کو واگزار کروالیا گیا.

انسداد تجاوزات آپریشن کا آغاز اسلام آباد ہائی وے اور کھنہ پل سے کیا گیا جہاں سڑک کے دونوں اطراف آپریشن کرتے ہوئے درجنوں فروٹ سٹالز کو ہٹا کر روڈ کو کلئیر کردیا گیا. واضح رہے ان تجاوزات سے سڑک کے دونوں اطراف ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا ہورہا تھا. آپریشن کرکے ان راہداریوں کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا. اور تجاوزات کنندگان کا ایک ٹرک سامان بھی ضبط کرلیا گیا. اسی طرح بری امام میں سرکاری اراضی پر قبضے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک غیر قانونی کمرہ اور 1 چار دیواری بھی مسمار کردی گئی.

مزید برآں سیکٹر I-11 میں کارروائی کرتے ہوئے گھر کے باہر نصب شدہ غیر قانونی باڑ کو بھی مسمار کردیا گیا. اسی طرح سیکٹر I-9 میں آپریشن کرتے ہوئے فٹ پاتھ پر لگائے گئے درجنوں سٹالز کو ہٹا کر فٹ پاتھ کو کلئیر کروادیا گیا. واضح رہے ان تجاوزات سے پیدل چلنے والوں سمیت کار پارکنگ والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا.

بعد ازاں سیکٹر I-10 میں آپریشن کے دوران سرکاری اراضی پر بنائے گئے ایک کمرے کو بھی بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا گیا. اسی طرح آئی اینڈ ٹی سینٹر سیکٹر G-9/2 اور سیکٹر I-11 ٹھمبر مارکیٹ میں بھی تجاوزات کنندگان کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے ایک ایک ٹرک سامان ضبط کرکے فٹ پاتھوں اور سڑک کو دونوں اطراف سے کلئیر کروا دیا گیا.

واضح رہے غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کا یہ عمل آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گا. اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی ماہ سے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کرنے میں مصروف ہے جس کے نتیجے میں اربوں روپے کی سرکاری اراضی واگزار کروائی جاچکی ہے