لکی مروت (ٹی این ایس): سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر آئی ای ڈی حملہ، کیپٹن سمیت فوج کے 7 جوان شہید

 
0
117

لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر آئی ای ڈی سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے کیپٹن سمیت پاک فوج 7 جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے پاس دیسی ساختہ بارودی مواد کے دھماکے میں کیپٹن فراز الیاس اور ان کے چھ ساتھی شہید ہوئے۔

شہدا میں صوبیدار میجر محمد نذیر، لانس نائیک محمد انور، لانس نائیک حسین علی، سپاہی اسداللہ، سپاہی منظور حسین اور سپاہی راشد محمود شہید ہوگئے۔شہید کیپٹن محمد فراز الیاس کی عمر 26 سال ہے اور ان کا تعلق ضلع قصور سے ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لئے علاقے کی صفائی کی جارہی ہے اور اس گھنانے فعل کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی اس طرح کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔