ٹرمپ کے بیان پر عمران خان کا ردعمل۔ کہا ہمیں امریکہ اور بھارت کی ناکام پالیسیوں کا ملبہ اٹھانے سے یکسر انکار کردینا چاہئے۔

 
0
360

اسلام آباد  :  اگست 22 (ٹی این ایس)  چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے امریکہ کی طرف سے  پاکستان کے خلاف سخت اور نا انصافی پر مبنی پالیسی کے اعلان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی طرح امریکہ بھی اپنی ناکامیوں کا سارا بوجھ پاکستان پر ڈالنے کی کوششیں کررہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں  عمران خان نے کہا کہ دہائیوں سے نافذ کی گئی ناقص اور ناکام افغان پالیسی حقیقت میں امریکی مایوسی کا سبب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادھر بھارت کشمیر میں اپنی عسکری حکمت عملی کی ناکامی کا ذمہ دار بھی پاکستان کو ٹھہراتا ہے۔جبکہ کشمیر میں جاری سخت  مزاحمت خود بھارت کی اپنی ناکام عسکری حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہم نے امریکہ کی خوشنودی کیلئے افغانستان میں دوجنگیں لڑیں۔دونوں جنگوں میں ہم نے بھاری انسانی اور معاشی نقصان اٹھایا۔ ہم نے دہشت گردی کیخلاف امریکی جنگ میں 70 ہزار پاکستانیوں کی قربانی دی۔ہماری معیشت کو اس جنگ کے باعث 100 ارب ڈالرز سے زائد کا سنگین دھچکہ لگا۔

 عمران خان نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ امریکہ سے کہا جائے کہ اب “مزید کبھی نہیں”۔ہمیں امریکہ اور بھارت کی ناکام پالیسیوں کا ملبہ اٹھانے سے بھی یکسر انکار کردینا چاہئے۔