پی ٹی آئی بانی رہنما اکبر ایس بابر نے سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ مخصوص نشستوں پر اکثریتی فیصلہ ماوراء آئین اور قانون ہے،ایسے فیصلے جوڈیشل بوناپارٹزم (Judicial Bonapartism) کے زمرے میں آتے ہیں جس سے مارشل لا کی راہ ہموار ہوتی ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ریلیف اس جماعت کو دیا گیا جو کیس میں فریق تک نہیں، جو کہ عدالتی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیکھا۔
اگر قانونی فیصلے ایک سیاسی جماعت کی مقبولیت کو مدنظر رکھ کر دیے جانے لگے تو پھر کل کی مقبول جماعت اپنے سیاسی گڑھ باجوڑ میں ضمنی الیکشن ہارنے کے بعد اپنی مقبولیت کا دعوٰی کھو چکی ہے۔ تو کیا اب قانونی فیصلے اس جماعت کی کھوئی ہوئی مقبولیت کو دیکھ کر دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اکثریتی فیصلہ سیاسی زیادہ اور قانونی کم ہے جو کہ آئین اور قانون پر شب خون مارنے کے مترادف ہے۔













