سام سنگ کے چیف کو کرپشن کے جُرم میں گرفتار کر کے 5 سال قید کی سزا سنا دی گئی

 
0
9479

کوریا  اگست25(ٹی این ایس): معروف موبائل کمپنی سام سنگ کے چیف کو کرپشن کے جُرم میں گرفتار کر کے 5 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا کی ایک عدالت نے سام سنگ کے چیف لی جایونگ پر کرپشن اور رشوت لینے کے الزام ثابت ہونے پر انہیں 5 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔ عدالت میں پراسیکیوٹرز نے مجرم کو 12 سال قید کی سزا دینے کی استدعا کی تھی لیکن عدالت نے پراسیکیوٹرز کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے لی جایونگ کو 5 سال جیل کی سزا کا حکم دیا۔

عدالت میں جج کے فیصلہ سناتے وقت لی جایونگ اپنی نشست پر خاموشی سے بیٹھ کر عدالت کا فیصلہ سُنتا رہا۔ 2014ء میں دل کا دورہ پڑنے کے بعد والد کی علالت کے بعد سے ہی لی جایونگ کو کمپنی کا حقیقی رہنما سمجھا جاتا تھا۔ عدالت نے لی جایونگ کو دروغ بیانی ، مجرموں کو منافع پہنچانے، غیر ملکی اور پوشیدہ اثاثے رکھنے کا بھی ذمہ دار ٹھہرایا۔ لی جایونگ نے فرد جُرم سے انکار کیا ۔ لی کے وکیل کا کہنا تھا کہ پہم عدالتی فیصلے کو بھی مسترد کرتے ہیں اور جلد ہی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل بھی کریں گے۔