اسلام آباد (ٹی این ایس) وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نزیر تارڑ کی پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفیر عزت مآب عرفان نذیر اوعلو سے ملاقات۔وزیر قانون نے نئے تعینات ہونے والے ترک سفیر عزت مآب نذیراوعلو کا خیرمقدم کیا ۔
وزیر قانون سینیٹر اعظم نزیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ترکیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ نے مختلف شعبوں میں تعاون کی یقین دھانی کرائی ۔ ملاقات میں ڈیجیٹائزیشن ، ججز کی ٹریننگ اور جیلوں سے متعلق اصلاحات پر تعاون کا اعادہ کیا گیا ۔ وزیر قانون نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں ترکی نے جس طرح ترقی کی ہے پاکستان اس سے سیکھ سکتا ہے۔ دونوں فریقوں نے کیس مینجمنٹ سسٹم اور جیل مینجمنٹ سسٹم کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا۔ترکیہ کے سفیر نذیراوعلو نے پرتپاک استقبال پر وزیر قانون کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کو مضبوط مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنے مکمل عزم کا یقین دلایا۔