وزیر اعظم ہیلتھ انشورنس پروگرام، 200 روپے یومیہ کمانے والا بھی مستفیض ہوگا

 
0
379

اسلام آباد، اگست 29 (ٹی این ایس)حکومت پاکستان ہیلتھ انشورنس پروگرام شروع کر رہی ہے جس کے تحت 200 روپے یومیہ کمانے والے افراد کو بھی لایا جائےگا۔

اس بات کا فیصلہ منگل کو ہوئے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا ہے جس کی صدارت رزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کی۔

اجلاس کے بعد وزیر اعظم کے ترجمان مصدق ملک نے میڈیا کو اسکی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں کئی معاملات پر غور و خوض ہوا اور کئی فیصلے کئے گئے۔

مصدق ملک نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں لوگوں کو راحت پہنچانے کی خاطروزیراعظم ہیلتھ انشورنس پروگرام  شروع کیا جارہا ہے جس کے تحت یومیہ دو سو روپے سے کم کمانے والے افراد کے علاج و معالجہ کے لئے بھی حکومت اخراجات برداشت کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ اس بڑے منصوبے کے لئے آٹھ ہزار چوہتر ملین روپےمختص کیئے گئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ صاف پانی کی ہر شہری تک فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بھی فوری اقدامات کئے جانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

امریکی کی جارحانہ پاکستان محالف پالیسی کے بارے میں وزیر اعظم کے ترجمان نے کہا ہے کہ مذکورہ امریکی پالیسی کے اعلان کے بعد ہمیں بھی سوچنے کاموقع ملنا چاہئے۔ انھوں نے کہا امریکیوں نے تین چار ماہ میں فیصلے کیئے، ہم بھی اپنی پالیسی تیار کر رہے ہیں۔

مصدق ملک نے کہا کہ پاکستانی آرمی چیف ،وزیر خارجہ اور قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد نئی امریکی پالیسی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

محمد نواز شریف کی نااہلی کے فیصلہ کی بنیاد بننےوالی جے آئی ٹی کے بارے میں وزیر اعظم کے ترجمان نے کہا کہ وہ جے آئی ٹی کے تعصب کی بات نہیں کرتے بلکہ یہ استفسار ہے کہ کونسا قانون ہے کہ عوامی فیصلہ سے حاصل کئے گئے آیئنی اور قانونی حق کو چھین لیا جائے؟