پنجاب کابینہ کے اجلاس میں نواز شریف کی پاکستان ،عوام کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش

 
0
400

لاہور: اگست 29(ٹی این ایس)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کے اجلاس میں متفقہ طور پر منظور ہونے والی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ کابینہ کا یہ اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن)کے قائد اور سابق وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی پاکستان اور پاکستان کے عوام کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ یہ اجلاس سمجھتا ہے کہ محمد نواز شریف کی یہ خدمات تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔

کابینہ کا یہ اجلاس سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے ان جرأت مندانہ اقدامات کو خاص طور پر خراج تحسین پیش کرنا ضروری سمجھتا ہے جو انہوں نے ایٹمی دھماکوں کے ذریعے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے اور بعدازاں ملک کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلانے ، سی پیک کے اجراء اور توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے کئے۔یہ اجلاس پنجاب کے کروڑوں عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے یہ کہنا بھی ضروری سمجھتا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد پنجاب کے عوام کے دلوں میں بستے ہیںاور پنجاب کے عوام نے ہمیشہ نواز شریف کی آواز پر لبیک کہاہے۔

وزارت عظمیٰ کے منصب سے علیٰحدگی کے بعد ان کا تاریخی اور والہانہ استقبال پنجاب کے عوام کے دلوں میں محمد نواز شریف کی لازوال محبت کامنہ بولتا ثبوت ہے۔ کابینہ کا یہ اجلاس پنجاب کے عوام کی طرف سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو یقین دلاتا ہے کہ ہم آئین کی بالادستی، پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے ان اصولوں کی حفاظت کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے جن کاعلم آپ نے ہمیشہ بلند رکھا ہے۔