مردم شماری کا ریکارڈ فوج کے پاس بھی ہے اگر کسی کو شک ہو تو ان کے نتائج بھی دیکھ لیں ، اکرم خان درانی

 
0
539

اسلام آباد : اگست 30(ٹی این ایس)وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات اکرم خان درارنی نے کہا ہے کہ مردم شماری کا ریکارڈ کے فوج کے پاس بھی ہے اگر کسی کو شک ہو تو ان کے نتائج بھی دیکھ لیں ،ْجنوبی ایشیاء اور افغانستان کے حوالے سے نئی پالیسی بنائی ہے جس کو پاکستان نے مسترد کر دیا ہے۔بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بڑی قربانیاں دیں، امریکہ کو بجائے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سراہنے کے بجائے تنقید کررہا ہے، جنوبی ایشیاء اور افغانستان کے حوالے سے نئی پالیسی بنائی ہے جس کو پاکستان نے مسترد کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 70 ہزار سے زائد لوگوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ دیا، پاکستان امریکہ کی پالیسی کو مسترد کرتا ہے بلکہ مذمت کرتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک میں ایسا ماحول پیدا کیا ہے جس سے لوگوں اور باالخصوص نوجوانوں کے درمیان نفرت بڑی ہے اس سے موجودہ نسل کو بڑا نقصان ہوا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو چھٹی مردم شماری کرانے کا کریڈٹ جاتا ہے، اب کچھ لوگ طرح طرح کے سوالات اٹھا رہے ہیں کہ مختلف علاقوں کی آبادی کے نتائج درست نہیں بالکل غلط ہیں، اس میں چاروں صوبوں میں مردم شماری کرنے والے خود ان کے اپنے لوگ تھے بلکہ ساتھ فوج کے جوان بھی ڈیٹا اکٹھا کر رہے تھے۔

مردم شماری کا ریکارڈ کے فوج کے پاس بھی ہے اگر کسی کو شک ہو تو ان کے نتائج بھی دیکھ لیں، مگر میرے حلقے میں کسی نے یہ نہیں کہا کہ کوئی مردم شماری کرنے والا نہیں آیا بلکہ گھر گھر جا کر مردم و خانہ شماری کی گئی، مردم شماری کے نتائج بالکل درست ہیں۔