تحریر: ریحان خان
اسلام آباد، جمعرات، 27 فروری 2025 (ٹی این ایس): جاپان کی حکومت نے اپنی “گراس روٹس ہیومن سیکیورٹی پراجیکٹس (جی-جی-پی)” پروگرام کے تحت اسلام آباد کے علاقے ترنول میں تعلیمی بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے ایک مقامی غیر سرکاری تنظیم (این جی او) کو 44,025 امریکی ڈالر (تقریباً 12.2 ملین روپے) کی گرانٹ منظور کی ہے۔
جمعرات کے روز جاپان کے سفیر برائے پاکستان، اکاماتسو شویچی، اور کمیونٹی سروسز پروگرام (CSP) کے نمائندے کے درمیان جاپانی سفارت خانے میں گرانٹ معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ CSP گزشتہ 15 سالوں سے تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں سرگرم عمل ہے اور اس گرانٹ کو ترنول کے گاؤں رمزانیہ میں ایک اسکول کی عمارت تعمیر کرنے اور فرنیچر کی تنصیب کے لیے استعمال کرے گا۔
یہ منصوبہ اسکول کی گنجائش میں اضافہ کرے گا اور بچوں کے لیے ایک بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرے گا، جہاں پری اسکول سے پانچویں جماعت تک کے طلبہ و طالبات تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ نئی اسکول عمارت کی تکمیل فروری 2026 تک متوقع ہے۔
دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر اکاماتسو شویچی نے تعلیم کو قومی ترقی کا ایک بنیادی عنصر قرار دیتے ہوئے جاپان کے تعلیمی سرمایہ کاری کے ذریعے اقتصادی ترقی کے تجربے کا حوالہ دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ پاکستانی بچوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا، جو ملک کے مستقبل کے معمار ہیں۔
جاپان کی حکومت نے پاکستان میں مقامی سطح پر ترقیاتی منصوبوں کی حمایت کے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ انسانی تحفظ اور کمیونٹی کی ترقی کو مستحکم کرنے کے لیے بروقت اور لچکدار گرانٹ امداد کی فراہمی جاری رکھی جائے گی