اسلام آباد (ٹی این ایس) سعودی سفیر کی جانب سے افطار عشائیہ، پاکستان-سعودیہ تعلقات مزید مستحکم

 
0
36

تحریر: ریحان خان

اسلام آباد، پیر، 3 مارچ 2025 (ٹی این ایس): پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے پیر کے روز ایک پُروقار افطار عشائیہ کا اہتمام کیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ یہ تقریب دونوں برادر ممالک کے درمیان خیرسگالی اور برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے منعقد کی گئی۔

یہ تقریب ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ خان، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ کے علاوہ اراکین پارلیمنٹ، سفارت کار، ماہرین تعلیم، سول سوسائٹی کے نمائندے اور میڈیا کے نمائندگان نے شرکت کی۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی پریس اتاشی ڈاکٹر نائف العتیبی نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی سفارت خانے کی جانب سے ہر سال منعقد ہونے والی افطار تقریب دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات باہمی اعتماد کو فروغ دیتی ہیں اور سفارتی و ثقافتی روابط کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

شرکاء نے سعودی عرب کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے مملکت اور پاکستان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مسلسل تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا