چشمہ میں 340 میگاواٹ کے پانچویں ایٹمی بجلی گھرکا افتتاح

 
0
290

چشمہ :ستمبر 8 (ٹی این ایس)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے چشمہ میں 340 میگاواٹ بجلی کی پیداواری صلاحیت کے حامل پاکستان کے پانچویں ایٹمی بجلی گھر چشمہ 4 کا افتتاح کردیا ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عباسی نے کہا کہ 28 دسمبر 2016 کو چشمہ 3 کے آغاز کے تقریباً 8 ماہ بعد چشمہ یونٹ 4 کا افتتاح میرے لیے باعث افتخار ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ چشمہ 4 سے پہلے شروع ہونے والے تینوں یونٹس بہترین کام کر رہے ہیں اور جوہری توانائی پلانٹس سے سستی بجلی پیدا ہورہی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چشمہ اور مظفرگڑھ میں جوہری توانائی کے مزید منصوبے لگائے جارہے ہیں، جو مکمل ہوکر ملک کو روشن اور ماحول کو صاف رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے منصوبے چین کے تعاون سے مکمل کیے جارہے ہیں، چینی حکومت اور عوام کی مدد کے بغیر یہ منصوبے مکمل نہیں ہوسکتے تھے۔چشمہ ایٹمی بجلی منصوبے کے چشمہ 1، چشمہ 2 اور چشمہ 3 یونٹ بالترتیب 2000، 2011 اور 2013 سے کامیابی سے قومی گرڈ میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔

دو بڑے ایٹمی بجلی گھر کے ٹو اور کے تھری کراچی کے قریب زیر تعمیر ہیں جو 2020 اور 2021 میں کام شروع کردیں گے، ان بجلی گھروں سے قومی گرڈ میں 2 ہزار دوسو میگاواٹ بجلی شامل کی جائے گی۔ پاکستان کے تمام جوہری بجلی گھروں میں پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹر اتھارٹی کے طے کردہ حفاظتی اصولوں اور دیگر معاملات کا خیال رکھا جاتا ہے، یہ تمام اصول انٹرنیشنل اٹاملک انرجی ایجنسی کے طریقہ کار کے مطابق ہے۔چشمہ نیوکلیئر پاور کمپلیکس میں چشمہ 3 اور چشمہ 4 ری ایکٹرز کے معاہدے پر 2009 میں چینی کمپنی کے ساتھ دستخط کیے گئے تھے جس کے تحت ان منصوبوں نے بالترتیب 2016 اور 2017 تک کام کا آغاز کرنا تھا۔340 میگا واٹ کے حامل چشمہ3 اور چشمہ4 پانی کے دباﺅ سے چلنے والے ری ایکٹرز ہیں، 300 میگا واٹ کے حامل چشمہ 1 اور چشمہ 2 بھی چین نے فراہم کیے تھے۔