پاکستان الیون کو آزادی کپ کی جیت پر مبارکباد، ہار اور جیت سے قطع نظر آج پرامن پاکستان کی جیت ہوئی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

 
0
318

لاہور،ستمبر 16 (ٹی این ایس):  وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پاکستان الیون کو ورلڈ الیون کے خلاف تیسرا ٹی ٹونٹی میچ اورآزادی کپ جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان الیون کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کرکے آزادی کپ اپنے نام کیا ہے اور قومی کھلاڑیوں نے میچ جیت کر عوام کو خوشی کا ایک بہترین موقع فراہم کیا۔احمد شہزاد کی جارحانہ بلے باز ی کے باعث پاکستان نے وننگ سکور کیا ۔پاکستانی کھلاڑیوں نے فیلڈنگ اور باؤلنگ میں بھی ورلڈ الیون کو آؤٹ کلاس کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کپ کی جیت تحمل، برداشت اور رواداری پر مبنی پاکستان کی فتح اورہار اور جیت سے قطع نظر آج پرامن پاکستان کی جیت ہوئی ہے۔ امن کے دشمنوں کے لئے پیغام ہے کہ ان کے مذموم عزائم بہادر پاکستانی قوم کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں عوام کی بے پناہ دلچسپی اور جوش و خروش اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم امن پسند ہے ۔انہوں نے کہا کہ پرامن اور خوشگوار ماحول میں ایونٹ کے انعقاد سے بین الاقوامی کرکٹ کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔