لاہور،ستمبر 16(ٹی این ایس ): ورلڈ چیمبر آف کامرس (ڈبلیو سی سی) نے تاریخ میں پہلی مرتبہ سارک چیمبر آف کامرس کو اپنی تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر افتخار ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس 19 ستمبر کو شروع ہوگی جس میں 100 ممالک سے چیمبر زآف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے 1200 نمائندے شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سارک چیمبر آف کامرس کا 45 رکنی وفد اس کانفرنس میں شرکت کرے گا جن میں سے 35 ارکان پاکستان سے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سارک چیمبر آف کامرس کے وفد کو دنیا کے مختلف ممالک کے نمائندوں سے کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کا موقع ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس میگا ایونٹ میں تجارتی نمائندوں کو بدلتے ہوئے کاروباری ماحول سے متعلق آگاہی سمیت دور اندیش معروف تجارتی نمائندوں کو سننے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں مقررین تجارتی سرگرمیوں سمیت دنیا کو درپیش مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ایسا بہترین پلیٹ فارم ہے جہاں دنیا کے بڑے کاروباری نمائندوں کو دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں سے آگاہ کیا جا سکتا ہے۔ پوری دنیا پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو تسلیم کرتی ہے اور جانتی ہے کہ اس جنگ کے نتیجہ میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے سمیت پاکستان میں کھربوں روپے کا نقصان ہوا ہے اور قیمتی جانیں بھی ضائع ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خوشحالی اور امن، دہشت گردی جیسی لعنت کو ختم کئے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر معاشی ترقی، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لئے پرعزم ہے۔