پمز کی طرف سے اسلام آباد کے وکلاء کو ہیلتھ کارڈ کے اجراء کا آغاز، منتظمِ اعلیٰ ڈاکٹر الطاف حسین کی طرف سے وکلاء کےلئے الگ کاوئنٹر کے قیام کا اعلان

 
0
460

اسلام آباد،ستمبر 16 (ٹی این ایس): پاکستان انسٹٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز نے وکلاء کو ہیلتھ کارڈ باضابطہ طور پرجاری کرنا شروع کردئے ہیں۔ پمز کے منتظمِ اعلیٰ ڈاکٹر الطاف حسین نے ایک قدم آگے بڑھ کر وکلاء کے لئے الگ کاوئنٹر قائم کئے جانے کا بھی اعلان کیا ہے۔

پمز کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایت  کی روشنی میں پمز نے وکلاء کو ہیلتھ کارڈ  جاری کرنے کا عمل باضابطہ طور پر  شروع کردیا ہے اور اس ضمن میں پہلے قدم کے طور پر پمز کے منتظمِ اعلیٰ نے 100 سے زائد وکلاء کو کارڈ تقسیم کئے۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ وفاقی علاقہ سے تعلق رکھنے والے وکلاء نے گذشتہ سال اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے ہائی کورٹ میں منسٹری آف ہیلتھ،سیکریٹری لاء اور جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کو فریق بناتے ہوئے ایک درخواست  دائر کی تھی جس میں یہ موقف اختیار کرتے ہوئے کہ پنجاب و سندھ کے صوبوں میں متعلقہ حکومتوں نے وکلاء کو 17 سے 18 گریڈ کے سرکاری افسراں کے مساوی صحت کی سہولت کی فراہمی کےلئے مخصوص کارڈ جاری کردئے ہیں  ، مطالبہ کیا تھا کہ انکے حق میں بھی مذکورہ سہولت کی فراہمی کا حکم جاری کیا جائے۔ بعد ازاں عدالت نے حکم جاری کرتے ہوئے  سی اے ڈی ڈی سمیت  متعلقہ وفاقی اداروں سے کہا تھا کہ وہ پمز اور پولی کلینک ہسپتال میں دارالحکومت سے وابستہ عملی وکیلوں اور انکے منحصرین کو صحت کی مطلوبہ سہولت فراہم کرنے کو یقینی بنائیں۔

عدالتی حکم صادر ہوتے ہی پمز کے منتظمِ اعلیٰ ڈاکٹر الطاف حسین نے اس پر عمل آوری کےلئے کام کا آغاز کیا اور ادارے کے ماتحت منتظمین کو ہدایت کردی کہ وہ وکلاء کے اندراج اور سہولت کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انھوں نے اپنی خصوصی دلچسپی اور مستقل نگرانی کے سبب اس عمل کو بروقت تکمیل تک پہنچایا اور گذشتہ روز وکلاء کو ہیلتھ کارڈ کا اجراء باقاعدہ شروع بھی کردیا۔

اس موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کے سابق جنرل سیکریٹری محمد وقاص ملک، جوائنٹ سیکریٹری دلاورخان پمز کے افسر شیخ عمران رضا بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر الطاف حسین نے وکلاء کو ہسپتال کا دورہ  بھی کرایا۔ہسپتال میں جدید وارڈز کی تکمیل اوربہترین انتظام کا  مشاہدہ کرکے وکلاء نے ڈاکٹر الطاف حسین کو خراج تحسین پیش کیا۔