اسلام آباد (ٹی این ایس):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 9 مئی سمیت دیگر کیسز میں نااہل ہونے ارکان قومی اسمبلی کے نام بتا دیے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں سپیکر ایاز صادق نے نااہل قرار دیے گئے ارکان کے نام ایوان کے سامنے پیش کیے۔
سپیکر نے بتایا کہ قومی اسمبلی کے 8 ارکان کو نااہل قرار دیا گیا ہے، جن میں عمر ایوب، احمد چٹھہ، عبدالطیف، حیدر علی، حامد رضا، رائے حسن نواز، زرتاج گل اور جمشید دستی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 9 مئی کے کیسز میں سزائیں سنائے جانے پر الیکشن کمیشن نے عمر ایوب، احمد چٹھہ، عبدالطیف، حیدر علی، حامد رضا، رائے حسن نواز اور زرتاج گل کو نااہل قرار دیا ہے۔ جبکہ جشمید دستی جعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار دیے گئے ہیں۔
عمر ایوب کی نااہلی کے بعد قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی نشست بھی خالی ہوگئی ہے، تاہم تحریک انصاف کی جانب سے ابھی تک اس حوالے سے فیصلہ نہیں کیا گیا کہ نیا قائد ایوان کون ہوگا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ جن ارکان اسمبلی کو 9 مئی کے کیسز میں نااہل قرار دیا گیا ہے، ان نشستوں پر پارٹی ضمنی الیکشن میں حصہ نہیں لے گی، کیوں کہ یہ سب غیرقانونی طریقے سے کیا گیا ہے۔













