اسلام آباد (ٹی این ایس) اسلام آباد پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ تھانہ کھنہ پولیس نے ایس ایچ او عامر حیات کی قیادت میں کارروائی کرتے ہوئے دو خواتین منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار خواتین کی شناخت رِمشہ عباس زوجہ عباس اور سُمیرا دختر میراج دین کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں خواتین منشیات فروشی کے ایک سرگرم اور ریکارڈ یافتہ گروہ سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کے خلاف اس سے قبل بھی مختلف مقدمات درج ہیں اور وہ پولیس کو مطلوب تھیں۔
کارروائی کے دوران پولیس نے ملزمان کے قبضے سے منشیات بھی برآمد کر لی، تاہم اصل مقدار کے بارے میں تفصیلات مزید تفتیش کے بعد سامنے آئیں گی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو مقدمے میں شامل تفتیش کر لیا گیا ہے اور ان کے نیٹ ورک، سہولت کاروں اور دیگر ساتھیوں تک پہنچنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ایس ایچ او عامر حیات نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ:
اسلام آباد پولیس منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے، معاشرے کو اس زہر سے پاک کرنے کے لیے کسی بھی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ایسے عناصر کے خلاف آپریشن مزید تیز کیا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچایا جا سکے













