اسلام آباد (ٹی این ایس) ایس پی عدیل اکبر کی طبی بنیاد پر چھٹی منظور کی جاچکی تھی،پولیس ذرائع

 
0
22

اسلام آباد (ٹی این ایس)(آئی پی ایس )وفاقی پولیس کے ایس پی انڈسٹریل ایریا عدیل اکبر کی مبینہ خود کشی کے معاملے میں مزید انکشافات سامنے آ گئے ہیں ۔ذرائع کا کہناہے کہ ایس پی عدیل اکبر کی طبی بنیادوں پر چھٹی منظور کی جا چکی تھی ، عدیل اکبر نے 20 سے 22 اکتوبر کی چھٹی مانگی تھی ، ڈی آئی جی آفس نے عدیل اکبر کی چھٹی منظوری کا آرڈر 23 اکتوبر کو کیا ۔

یاد رہے کہ پولیس کے 46ویں کامن سے تعلق رکھنے والے گریڈ 17 کے افسر عدیل اکبر اسلام آباد پوسٹنگ سے قبل بلوچستان میں تعینات تھے۔ آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کے مطابق وہ لگ بھگ ڈیڑھ ماہ پہلے بلوچستان سے ٹرانسفر کر کے اسلام آباد لائے گئے تھے اور انڈسٹریل ایریا میں بطور ایس پی اپنے فرائص سرانجام دے رہے تھے۔واضح رہے کہ 23 اکتوبر کو شاہراہ دستور پر اپنی گاڑی میں موجود عدیل اکبر کی مبینہ خودکشی کی ابتدائی اطلاع سامنے آئی تھی، ان کو گولی سامنے کی جانب سے لگی جو کہ پیچھے کھوپڑی سے باہر نکلی ، ان کا دماغ شدید متاثر ہوا جو کہ موت کی وجہ بنا، پولیس کی جانب سے گاڑی میں موجود آپریٹر اور ڈرائیور کو حراست میں لیا گیا ہے اور ان کے بیانات ریکارڈ کر لیئے گئے ہیں ۔