اسلام آباد (ٹی این ایس) مسلسل 5ہفتوں سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کی لہر کو بریک لگ گئی، ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0 اعشاریہ59فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ، وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کردیئے جن کے مطابق ایک ہفتے میں 18 اشیائے ضروریہ مہنگی،12 کی قیمتوں میں کمی آئی۔
تفصیلات کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 4اعشاریہ 18فیصد پر آگئی، ایک ہفتے میں 18اشیائے ضروریہ مہنگی،12کی قیمتوں میں کمی آئی، ایک ہفتے میں انڈے 8روپے 33پیسے فی درجن مزید مہنگے ہوئے، بڑا گوشت 10روپے 66پیسے،چھوٹا گوشت 2 روپے 52 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، جلانے والی لکڑی 22 روپے 56 پیسے فی من مہنگی ہوئی۔
گزشتہ ہفتے کے دوران کیلے 2روپے86 پیسے فی درجن ، ایک ہفتے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 7روپے 39 پیسے مہنگا ہوا، آٹے کے تھیلے کی اوسط قیمت 2195 روپے 81 پیسے تک پہنچ گئی، ایک ہفتے میں اڑھائی کلو گھی کا ٹن 2روپے 37پیسے مہنگا ہوا، گزشتہ ہفتے ٹماٹر فی کلو 66 روپے 21پیسے ، پیاز 8 روپے 49 پیسے فی کلو ، لہسن 13 روپے، زندہ مرغی 2 روپے 21پیسے فی کلو سستی ہوئی، چینی، دال مسور، دال ماش، دال چنا اور آلو بھی سستی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں ۔ایک ہفتے کے دوران 21 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔













