اسلام آباد (ٹی این ایس) اے این ایف ری ہیب سنٹر ہمک کا منشیات کے خلاف نمایاں کردار ، 11100مریض صحت مند زندگی کی طرف لوٹ آئے

 
0
41

اسلام آباد۔27نومبر (ٹی این ایس):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے ماڈل ایڈکشن ٹریٹمنٹ، ری ہیبیلی ٹیشن اور ری انٹیگریشن سنٹر (ایم اے ٹی آر آر سی) ماڈل ٹاؤن ہمک اسلام آباد کے ایڈمنسٹریٹر کرنل ڈاکٹر ملک ایوب اعوان نے کہا ہے کہ سنٹر گزشتہ کئی برسوں سے ملک بھر میں منشیات کے عادی افراد کے علاج اور بحالی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جہاں تمام سہولیات مکمل طور پر مفت فراہم کی جاتی ہیں۔

اے پی پی سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ سنٹر اس وقت 40 مریضوں کا علاج کر رہا ہے، جو جدید معیاری طریقہ علاج پر مبنی دو ماہ کے پروگرام سے گزر رہے ہیں۔ داخلے سے قبل مریض کا ڈوپ ٹیسٹ، ایل ایف ٹی ،آر ایف ٹی پی سی آر اور ایکسرے سمیت مکمل میڈیکل معائنہ کیا جاتا ہے۔کرنل ایوب اعوان کے مطابق سنٹر 2005 میں قائم کیا گیا تھا اور اب تک 11 ہزار ایک سو افراد کو منشیات کی لعنت سے نجات دلائی جا چکی ہے جن میں سے بڑی تعداد صحت مند اور فعال زندگی گزار رہی ہے۔

60 روزہ علاج مکمل ہونے کے بعد مریضوں کا دو سال تک فالو اپ جاری رہتا ہے تاکہ مستقل صحت یابی کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ سنٹر منشیات کی تمام اقسام کے عادی افراد کا علاج کرتا ہے اور یہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں، ڈاکٹرز، وکلا، صحافیوں، کھلاڑیوں اور عام شہریوں تک ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے مریض زیر علاج رہ چکے ہیں۔کرنل ایوب اعوان نے کہا کہ اے این ایف کی مکمل فنڈنگ کے باعث مریضوں کو علاج، رہائش، کھانا اور تمام سہولیات سمیت کوئی خرچ ادا نہیں کرنا پڑتا۔

ماڈل ٹاؤن ہمک میں نیا تعمیر شدہ سنٹر جلد فعال ہو جائے گا جس میں 100 مریضوں کی گنجائش ہوگی، جن میں 60 مرد، 40 خواتین اور بچے شامل ہوں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ عالمی شہرت یافتہ ماہرین نفسیات بھی سنٹر کا دورہ کرتے ہیں، جن میں برطانیہ کے معروف ڈاکٹر غضنفر بھی شامل ہیں جو اپنے خرچ پر عملے کی تربیت اور مریضوں کا معائنہ کرتے ہیں۔

کرنل ایوب اعوان نے کہا کہ ڈی جی اے این ایف میجر جنرل معید کے وژن کے مطابق ڈی ڈی آر ٹیم یونیورسٹیوں، کالجوں اور سکولوں میں جا کر نوجوانوں میں منشیات سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی قسم کی منشیات سے متعلق مشکوک سرگرمی یا اپنے کسی عزیز کی مدد کے لیے اے این ایف ہیلپ لائن 1415 پر رابطہ کریں، اور یقین دلایا کہ اطلاع دینے والے کی شناخت کو مکمل رازداری میں رکھا جائے گا۔