اسلام آباد (ٹی این ایس) وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن بلا امتیاز جاری ہے، آپریشن کے دوران عملہ کسی قسم کی سفارش یا رعایت دئیے بغیر اپنے فرائض کی انجام دہی میں مصروف عمل ہے اور قانون سب کے لیے برابر ہے کے اصول پر عمل پیرا ہے، تاہم مہم کے خلاف چند عناصر ہر طرح سے منفی پروپیگنڈہ میں مصروف ہیں اس حوالے سے درختوں کے معاملے کو بنیاد بنا کر سوشل میڈیا پر گمراہ کن مہم چلانے میں مصروف ہیں،جبکہ وفاقی دارالحکومت میں پہلے کی نسبت کہیں زیادہ اور موثر طریقہ سے شجرکاری پر کام جا رہی ہے جسے شہریوں کیساتھ ہر طرح سے شئیر بھی کیا جا رہا ہے، وفاقی ترقیاتی ادارے(CDA) کی جانب سے عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ گمراہ کن منفی معلومات کے پھیلاؤ کا حصہ بننے سے گریز کریں ،کیونکہ منفی پروپیگنڈہ کرنے والوں کا مقصد یا مسئلہ کچھ اور ہے، دارالحکومت کو جلد تمام تر تجاوزات سے پاک کر دیا جائیگا













