اسلام آباد (ٹی این ایس) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل نے وفاقی دارالحکومت میں بڑی کارروائی

 
0
8

اسلام آباد (ٹی این ایس) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل نے وفاقی دارالحکومت میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ چینی کمپنی چائنہ تھری گورجز کارپوریشن (سی ٹی جی) کے نام پر کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والے منظم گروہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ملزمان نے سی پیک منصوبوں کے نام پر شہری سے 57 کروڑ روپے سے زائد کا فراڈ کیا، 10 کروڑ روپے مالیت کی زمین، گھر، پلازہ اور دیگر قیمتی اثاثے ہتھیا لیے۔
ایف آئی آر نمبر 1/26 کے مطابق، ایف آئی اے انکوائری نمبر 310/2025 مکمل ہونے پر یہ انکشاف ہوا کہ ملزمان راجہ سعید ، مہتاب قریشی اور جمشید خان نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت خود کو چائنہ تھری گورجز کارپوریشن کا مجاز نمائندہ ظاہر کیا اور مدعی مقدمہ سردار کامران ایوب کو یقین دلایا کہ چینی کمپنی سی پیک کے تحت پاکستان میں بڑے پیمانے پر زمین خریدنے جا رہی ہے۔
ملزمان نے میانوالی میں 500 کنال زمین کی فرضی ڈیل کے بدلے بھاری “کمیشن” کا لالچ دے کر شہری سے قیمتی جائیداد اور رقوم حاصل کیں، تاہم تفتیش میں یہ بات ثابت ہو گئی کہ نہ تو کسی چینی کمپنی سے ان کا کوئی تعلق تھا اور نہ ہی کسی زمین کی حقیقی خرید و فروخت ہوئی، بلکہ سارا معاملہ ایک منظم فراڈ تھا۔ ملزم راجہ سعید نے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے ایف آئی کا جعلی لیٹر بھی پیش کیا جو شبہ ہونے پر پکڑا گیا
ایف آئی اے کی دستاویزات کے مطابق ملزمان نے دھوکہ دہی اور دباؤ کے ذریعے مدعی سے 45 کروڑ روپے مالیت کا ایک عالیشان گھر، 10 کروڑ روپے مالیت کا 5 کنال پلاٹ (سیکٹر G-15 اسلام آباد)، 2 کروڑ روپے مالیت کا کمرشل پلازہ اور 50 لاکھ روپے نقد حاصل کیے۔
ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 419، 420، 384، 468 اور 471 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، دو ملزمان بھی گرفتار ہوگۓ ہیں باقیوں کی تلاش جاری ہے، ایس ایچ او اینٹی کرپشن سرکل شمس خان گوندل کے مطابق کیس کی تفتیش تیزی سے جاری ہے اور ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔