کراچی ستمبر 23(ٹی این ایس) پاکستان رینجرز(سندھ) نے محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے۔ اس سلسلے میں کسی بھی ناگہانی صورتحال کے پیشِ نظر فوری اورموثر کارروائی کے لیے کرائسس مینجمنٹ سیل ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز (سندھ) میں قائم کر دیا گیا ہے ۔ عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام مکاتبِ فکر کی عبادت گاہوں،مجالس ،امام بارگاہوں اور مساجد کے اطراف اسنیپ چیکنگ، موبائل پٹرولنگ اور موٹر سائیکل گشت کو مزید بڑھا دیاگیا ہے۔
اس سلسلے میں آج کراچی اور اندرون سندھ مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس کی طرف سے مشترکہ فلیگ مارچ اور موبائل پٹرولنگ کی گئی ۔وفاقی اورصوبائی حکومت کی طرف سے دیئے گئے احکامات کی روشنی میں مربوط حکمت عملی بھی مرتب کی گئی ہے جس کے تحت شر انگیز تقاریر کرنے، مواد چھاپنے یا نشر کرنے پر مکمل پابندی ہو گی۔ اس کے علاوہ ہوائی فائرنگ اور کسی بھی قسم کے اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی ہو گی ۔ضابطے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ فوری اور سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔محرم الحرام کے موقع پر رینجرز کی بھاری نفری کراچی اور اندرون سندھ میں مرکزی جلوسوں کی نگرانی کرے گی ۔ اس کے ساتھ ساتھ جلوس کی گزرگا ہ میں آنے والے راستوں کو مکمل سیل کیا جائے گا۔
اس موقع پرتمام مکتبہ فکر کے علماء کرام سے پُر زور اپیل کی جاتی ہے کہ وہ مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کریں اور ساتھ ہی ساتھ عوام الناس سے بھی گذارش کی جاتی ہے کہ اخوت اور بھائی چار ے کی فضا ء کو قائم رکھیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے یامشکوک چیز یا فرد کی اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ یا رینجرز مددگار Whatsappنمبر 0316-2369996 یا رینجرز ہیلپ لا ئن 1101 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ پاکستان رینجرز سندھ اور عوام ساتھ ساتھ۔