اسلام آباد (ٹی این ایس) (عباس بیگ مرزا) شہداء اور غازیوں کی سرزمین جہلم کا ایک اور بہادر سپوت وطن پر قربان ہو گیا۔شہید سپاہی اسامہ کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں پنڈی سید پور، تحصیل پنڈدادنخان میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں علاقہ بھر سے عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہید کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا بعد ازاں انہیں آبائی قبرستان میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا شہید سپاہی اسامہ، جن کا تعلق پنڈی سید پور سے تھا، خیبر پختون خواہ میں جاری آپریشن کے دوران دشمن سے بہادری سے مقابلہ کر رہے تھے کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر ایم ایچ پشاور ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم چند روز زیر علاج رہنے کے بعد وہ شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہو گئے پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے شہید کی جرات اور قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی شہادت نے قوم کے حوصلے اور ملک کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے اہل علاقہ اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں













