بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ، خاتمے کیلئے پوری قوت وسائل استعمال کر رہے ہیں: چیئرمین نیب

 
0
588

ملتان ستمبر 23(ٹی این ایس)قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چودھری نے کہا ہے کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے ‘ نیب بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم برآمد کرنے کے لئے تمام وسائل بروکار لارہا ہے اور بدعنوان عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ملتان بیورو کے الوداعی دورے کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیب ملتان عتیق الرحمٰن نے کہا کہ ہم آپ کے الوداعی دورے پر ملتان آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ نیب ملتان ہمیشہ آپ کو یاد رکھے گا کیونکہ آپ نے نہ صرف اس کے قیام کے مرحلے میں مسائل کے حل کے لئے کردار ادا کیا بلکہ اس کے قیام میں ذاتی دلچسپی لی۔ نیب ملتان نے 356 شکایات کی جانچ پڑتال کی ہے 121انکوائریاں ‘ 58 انوسٹی گیشن کیں ہیں اور بدعنوان عناصر سے 81.15ملین نقدی کے علاوہ سیکڑوں پلاٹ اور سرکاری اراضی کی صورت میں بلاواسطہ وصولی کرکے حقداروں تک پہنچائی ہے۔

چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب کرپشن کیخلاف پوری طاقت اور وسائل کے ساتھ سرگرم ہے قومی احتساب بیورو کی اس کوشش کو ورلڈ اکنامک فورم ،پلڈاٹ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل سمیت عالمی سطح پر سراہا گیا ہے ۔نیب نے اب تک 290ارب کرپٹ لوگوں سے نکلوائے ہیں صرف میرے عرصہ تعیناتی کے دوران50ارب روپے کرپٹ عناصر سے برآمد ہوئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیب ملتان بیورو میں الوداعی تقریب کے دوران آفیسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا نیب اپنے قیام سے اب تک قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کررہا ہے نیب کے بھرپور کردار کیوجہ سے کرپٹ عناصر کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے ۔گزشتہ 4سالوں کے دوران نیب نے جتنی پرفارمنس دی ہے اتنی ملک میں موجود انسداد رشوت ستانی کے کسی ادارے نے کارکردگی نہیں دکھائی ۔نیب کی بہترین کارکردگی سے شہریوں کا اعتماد بحال ہوا ۔نیب اس وقت سارک انٹی کرپشن تنظیم کا چیئرمین ہے ۔ نیب پوری دنیا میں واحد ادارہ ہے جس نے چین کے ساتھ کرپشن کے حوالے سے ایم او یوز سائن کیے ہیں تاکہ سی پیک پر نظر رکھی جاسکے۔

قمر زمان چوہدری نے کہا نیب اپنے نظام تفتیش کو جدید سطح پر لانے ی کوشش کررہا ہے نیب اسلام آباد ہیڈ کوارٹر میں  سٹیٹ آف دی آرٹ عالمی معیار کی فرانزک لیب قائم کی گئی ہے ۔جہاں مشکوک دستاویزات فنگر پرنٹس کی تصدیق کیجاتی ہے ۔نیب نے +شکایات،انکوائری،تفتیش اور ریفرنس دائر کرنے کے لیے10ماہ کا وقت مقرر کیا ہے اتنے کم عرصہ میں کوئی ادارہ بہترین کارکردگی نہیں دے سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا نیب میں اصلاحات کا عمل وقت کے ساتھ جاری رہنا ہے ۔اب نیب کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم کا تصور متعارف کردیا گیا ۔جس میں ڈائریکٹر،ایڈیشنل ڈائریکٹر،انوسٹی گیشن آفسر اور لاء آفسر شریک ہوں گے۔کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم کی پالیسی متعارف کرانے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ کوئی بھی آفیسر انکوائری پر اثرانداز نہ ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ نیب ملتان بیورو کی کارکردگی بہت اچھی رہی ہے ہر افسران کی محنت ،کام سے لگن کا نتیجہ ہے ایسے افسران تعریف کے مستحق ہیں تقریب کے آغاز پر ڈی جی نیب ملتان بیورو عتیق الرحمان نے چیئرمین نیب کو ملتان بیورو کی کارکردگی پیش کرتے ہوئے بتایا کہ نیب ملتان اب تک 1ارب 39کروڑ20لاکھ روپے کرپٹ عناصر سے برآمد کرچکا ہے جبکہ مختلف کرپشن کیسز میں 81.15ملین روپے ملزمان نے سرینڈر کیے۔انہوں نے کہا نیب ملتان بیورو نے کرپشن کیخلاف 13سیمینارز کا انعقاد کیا۔ڈسٹرکٹ سطح پر 4پیپرا ورکشاس منعقد کرائیں۔انہوں نے کہا نیب ملتان بیورونئی نسل میں کرپشن کیخلاف شعور اجاگرکرنے میں سرگرم ہے ۔اس حوالے سے یونیورسٹیز اور کالج کی سطح پر11بلڈنگ سوسائٹیز کام کررہی ہے ۔قبل ازیں چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری جب نیب ملتان آفس پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔