اسلام آباد (ٹی این ایس) پاکستان ٹورازم، سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول 2026 اسلام آباد میں اختتام پذیر

 
0
5

اسلام آباد (ٹی این ایس)  وزارتِ بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) کے زیر اہتمام پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی)، صوبائی محکمہ جاتِ سیاحت اور سرکاری و نجی شعبے کے شراکت داروں کے تعاون سے پاکستان ٹورازم سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول 2026 جناح سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں انتہائی کامیابی اور جوش و خروش کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔فیسٹیول کے دوسرے روز رنگا رنگ کھیلوں کی سرگرمیاں اورعوام کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی۔ دن کی نمایاں سرگرمیوں میں فن میراتھن اور چار کلومیٹر سائیکلنگ ایونٹ شامل تھے۔ معاشرے کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے بڑی تعداد میں پرجوش شرکاء نے ان مقابلوں میں حصہ لیا اور بھرپور لطف اٹھایا۔ دونوں مقابلوں کے فاتحین کو 10 ہزار روپے نقدانعامات دیے گئے، جس کا مقصد صحت مند طرزِ زندگی اور کھیلوں کے ذریعے کمیونٹی شمولیت کو فروغ دینا تھا
دن بھر فیسٹیول میں سیاحتی اسٹالز، لائیو کُکنگ، فیملی اور بچوں کی سرگرمیاں، فوڈاسٹالز، ثقافتی نمائشیں، صوبائی سیاحتی پویلینز، لائیو ثقافتی پرفارمنسز، پینٹنگ مقابلہ، آرمی بینڈ کی پرفارمنس، وال راک کلائمبنگ، ایڈونچر بیس کیمپ، اسٹریٹ کرلنگ، پیراگلائیڈنگ، ہاٹ ایئر بیلوننگ اور ونٹیج کار شو شامل تھے، جنہوں نے بڑی تعداد میں عوام کو اپنی جانب متوجہ کیا۔شام کے وقت حاضرین نے پاکستان کے مختلف خطوں کی ثقافتی اور موسیقی کی شاندار پرفارمنسز سے لطف اٹھایا۔
فیسٹیول کا اختتام ایک عظیم الشان میوزیکل کنسرٹ اور شاندار آتش بازی کے مظاہرے سے ہواجس نے آسمان کو روشن کر دیا اور اس یادگار فیسٹیول کو خوبصورت اختتام سے ہمکنار کیا۔ اختتامی لمحات دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں عوام موجود تھی جو اس ایونٹ کی وسیع عوامی مقبولیت کی عکاسی کرتا ہے۔وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے اختتامی تقریب میں شرکت کے موقع پر سردار یاسر الیاس خان اور پی ٹی ڈی سی کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں پہلی مرتبہ اس نوعیت کا اتنے بڑے پیمانے پرسیاحت اور فیملی سپورٹس ایونٹ منعقد کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیسٹیول وزیرِاعظم کی ہدایات پر منعقد کیا گیا اور یہ سیاحت اور خاندانی تفریحی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے حکومت کے مضبوط عزم کا عکاس ہے۔اس موقع پر وزیرِاعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے فیسٹیول کے کامیاب اختتام پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹورازم، سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول 2026 نے پاکستان کو ایک فیملی فرینڈلی، متحرک اور خوش آمدید کہنے والی سیاحتی منزل کے طور پر اجاگر کیاجس میں عوامی شرکت اور ثقافتی تنوع نمایاں رہا۔
سیکریٹری وزارتِ بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی نے کہا کہ اس میگا ایونٹ کی کامیاب تکمیل مؤثر بین الوزارتی ہم آہنگی اور تمام شراکت داروں کی مشترکہ کوششوں کانتیجہ ہے جس نے ملکی سیاحت اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمٰن رانا نے فیسٹیول کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی ڈی سی کو اسلام آباد میں اپنی نوعیت کے اس پہلے اور تاریخی ایونٹ کی میزبانی اور ہم آہنگی پر فخر ہے۔
انہوں نے عوام کی بھرپور شرکت اور شاندار ردِعمل پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عوام کی بڑی تعداد میں شرکت سیاحت پر مبنی تفریحی سرگرمیوں میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کا واضح ثبوت ہے۔پاکستان ٹورازم، سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول 2026 دو روزہ تقریبات کے بعد کامیابی سے اختتام پذیر ہوا اور اتحاد، ثقافتی ہم آہنگی، کھیلوں کے فروغ اور سیاحت کے مثبت پیغام کو اجاگر کیا۔