رحیم یارخان (ٹی این ایس) صادق آباد: بلڈنگ انسپکٹر زوہیب خان نے کہا ہے کہ میونسپل کمیٹی صادق آباد میں جاری تمام کارروائیاں خالصتاً حکومتی احکامات اور قانونی تقاضوں کے مطابق کی جا رہی ہیں اور ان کا مقصد شہر میں غیر قانونی تعمیرات اور غیر منظور شدہ ہاؤسنگ اسکیموں کا خاتمہ ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض عناصر سوشل میڈیا پر کارروائیوں کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم حقیقت یہ ہے کہ ہر ایکشن مکمل قانونی طریقہ کار کے تحت کیا جاتا ہے۔ متعلقہ مالکان کو پہلے باقاعدہ نوٹسز جاری کیے جاتے ہیں، انہیں نقشہ جات منظوری کے لیے جمع کرانے اور سرکاری فیس ادا کرنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے، اس کے بعد ہی قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔
زوہیب خان کا کہنا تھا کہ ان کی کسی فرد، گروہ یا ادارے سے کوئی ذاتی وابستگی یا دشمنی نہیں۔ “میں بطور سرکاری افسر اپنی ذمہ داری ادا کر رہا ہوں۔ قانون پر عملدرآمد میری ڈیوٹی ہے اور اسی مقصد کے لیے حکومت مجھے ذمہ دار ٹھہراتی ہے۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان کی ہدایات پر میونسپل کمیٹی صادق آباد میں چیف آفیسر اور ایم او پلاننگ کی نگرانی میں بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا۔ اس دوران متعدد غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور کمرشل مراکز کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے، مختلف تھانوں میں ایف آئی آرز کا اندراج ہوا، غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا گیا جبکہ کئی دکانوں اور مارکیٹوں کو سیل بھی کیا گیا۔ سرکاری واجبات کی وصولی میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔
بلڈنگ انسپکٹر نے کہا کہ ان کے دفتر میں روزانہ وکلاء، صحافیوں، تاجروں، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت عام شہری نقشہ منظوری کے لیے رجوع کرتے ہیں اور تمام افراد کو یکساں سہولت اور رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔ سرکاری قواعد و ضوابط پورے ہونے کے بعد مقررہ مدت میں نقشہ جات کی منظوری دی جاتی ہے۔
آخر میں انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی ہاؤسنگ سوسائٹی یا کمرشل منصوبے میں سرمایہ کاری سے قبل میونسپل کمیٹی کے شعبہ پلاننگ سے باقاعدہ تصدیق ضرور کروائیں تاکہ آئندہ کسی قانونی پیچیدگی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔













