اسلام آباد (ٹی این ایس) تھانہ روڈ پر سخت نگرانی، ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن

 
0
27

اسلام آباد (ٹی این ایس) تھانہ روڈ پر سخت نگرانی، ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن
چوہدری شفقت محمود، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ، عوامی سہولت اور نظم و ضبط یقینی بنانے کے لیے فوری کارروائی کر رہے ہیں

فتح جنگ کے اسپیشل پرائس مجسٹریٹ چوہدری شفقت محمود نے تھانہ روڈ کا اچانک دورہ کیا اور بازار میں نظم و ضبط، تجاوزات، سرکاری نرخ نامے اور ٹریفک کی روانی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سہولت میں خلل ڈالنے یا زائد قیمت وصول کرنے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔
دورے کے دوران سبزی اور فروٹ کی دکانوں پر نرخ لسٹ کی پابندی کروائی گئی اور خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد کیے گئے۔ علی چکن شاپ کو 20 ہزار، ایک سبزی فروش کو 10 ہزار، اور رضوان گارمنٹس کو 1 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔ مجموعی طور پر تقریباً 2 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے اور کئی دکانداروں کو سخت وارننگ دی گئی۔
تاجر ملک حسیب رضا نے انتظامیہ کے اقدامات کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ شہریوں کو خریداری میں آسانی ہوئی ہے اور تاجر برادری قوانین پر عمل درآمد میں تعاون کرے گی۔ چوہدری شفقت محمود نے واضح کیا کہ ریڑھی یا رکشہ راستہ بند کرے تو تاجر براہ راست رابطہ کریں، اور فوری کارروائی ہوگی۔
شہریوں نے امید ظاہر کی کہ اقدامات جاری رہیں گے تاکہ مہنگائی پر قابو پایا جا سکے اور شہر میں نظم و ضبط اور عوامی سہولت بہتر ہو۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قانون کی مکمل عملداری ہر حال میں یقینی بنائی جائے گی اور عوامی مفاد پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔