امریکا نے شمالی کوریا سمیت 8 ملکوں پر سفری پابندی عائد کر دی

 
0
1733

 

واشنگٹن ستمبر 25(ٹی این ایس):امریکا میں صدر ٹرمپ کی جانب سے متعارف کروائی جانے والی متنازع سفری پابندی کی فہرست میں اضافہ کر کے ایران، لیبیا، شام، یمن اور صومالیہ کے علاوہ اب شمالی کوریا، چاڈ اور وینزویلا کو بھی اس فہرست میں شامل کر دیا گیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جاری کردہ نئی فہرست انھوں نے کہا ہیکہ امریکا کو محفوظ بنانا ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ اپنے ملک میں کسی بھی ایسے فرد کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دے سکتے جو امریکیوں کے لیے خطرے کا باعث بنے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق فہرست میں اضافے کا فیصلہ مختلف ممالک کی حکومتوں کی جانب سے دی گئی معلومات کے بعد کیا گیا ہے۔صدر ٹرمپ کی جانب سے لگائی گئی سفری پابندی کے اولین حکم میں سوڈان بھی اس فہرست کا حصہ تھا لیکن اس نئی فہرست میں سے اس کا نام نکال دیا گیا ہے۔اعلان کے مطابق عراق نے بھی امریکی شرائط پوری نہیں کی تھیں لیکن شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف جنگ میں امریکا کا ساتھ دینے اور معلومات فراہم کرنے کی وجہ سے اس پر یہ پابندی نہیں لگائی گئی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے پیغام کے مطابق شمالی کوریا نے امریکی حکومت کے ساتھ کسی بھی نوعیت کا تعاون کرنے سے انکار کیا تھا جس کے بعد ان کے شہریوں پر امریکہ سفر کرنے پر ممانعت عائد کر دی گئی ہے۔افریقی ملک چاڈ امریکہ کا انسداد دہشت گردی میں اہم ساتھی ہے لیکن اس نے امریکہ کے ساتھ دہشت گردی سے متعلق معلومات فراہم نہیں کی جس کی وجہ سے ان کے شہریوں پر سفری پابندی عائد کی گئی ہے۔ اعلان کے مطابق یہ پابندی 18 اکتوبر سے لاگو ہوگی اور وہ افراد جن کے پاس جائز ویزا ہے وہ اس پابندی سے مستشنی ہوں گے۔