کراچی (ٹی این ایس) اسپاٹیفائی کی جانب سے نیا منفرد فیچر سانگ ڈی این اے متعارف

 
0
2

کراچی، 25 مارچ، 2026 (ٹی این ایس) ۔ اسپاٹیفائی نے سانگ ڈی این اے(سانگ ڈی این اے) کے نام سے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد صارفین کے موسیقی سننے کے انداز کو مزید دلچسپ اور بھرپور بنانا ہے۔

یہ نیا فیچر فی الحال پریمیم صارفین کے لیے آزمائشی مرحلے میں جاری کیا جا رہا ہے۔ اس نئے فیچر کے ذریعے اب صارفین نہ صرف گانا سن سکیں گے بلکہ اس کے پیچھے کام کرنے والے رائٹرز، پروڈیوسرز اور دیگر تخلیق کاروں کے بارے میں بھی جان سکیں گے۔ اس کے علاوہ، گانے میں استعمال ہونے والے سیمپلز، انٹرپولیشنز اور بعد میں بننے والے کور ورژنز تک بھی باآسانی رسائی حاصل ہوگی۔

یہ فیچر موبائل ایپ میں ”Now Playing” اسکرین کے اندر شامل کیا گیا ہے، جس سے صارفین صرف سننے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ اپنی پسندیدہ موسیقی کو ایک نئے انداز میں دریافت کر سکیں گے۔

یہ فیچر کیسے کام کرتا ہے؟

1. اسپاٹیفائی کی موبائل ایپ میں کوئی بھی گانا چلائیں اور ”Now Playing” اسکرین کھولیں۔

2. نیچے اسکرول کریں، جہاں دستیاب گانوں میں سانگ ڈی این اےکارڈ نظر آئے گا۔

3. اس پر کلک کر کے گانے کے تخلیق کار، سیمپلز، انٹرپولیشنز اور کورز دیکھیں، اور مزید معلومات جاننے کے لیے لنکس استعمال کریں۔

موسیقی کو سمجھنے کا ایک نیا زاویہ

اسپاٹیفائی کا یہ نیا فیچر دراصل پہلے سے موجود فیچر ”About the Song” کا ایک جدید اور وسیع ورژن ہے جو انکی پسندیدہ موسیقی کی گہری آگہی فراہم کرتا ہے۔ جہاں ”About the Song” کسی ایک گانے کی کہانی بیان کرتا ہے، وہیں سانگ ڈی این اےصارفین کو ایک مکمل تجربہ فراہم کرتا ہے، جس میں وہ گانے کی دنیا میں داخل ہوکر اسکے مختلف پہلوؤں کو خود دریافت کر سکتے ہیں۔

یہ فیچر اس وقت دنیا بھر میں آئی فون اور اینڈرائڈ ڈیوائسز پر پریمیم صارفین کے لیے آزمائشی ورژن میں دستیاب ہے، اور اپریل میں تمام پریمیم صارفین کے لیے اسے جاری کر دیا جائے گا۔