ہری پور (ٹی این ایس) ہری پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور آئی ٹی کمپنی رینکنگ گرو کے اشتراک سے “بنیان مرصوص” کی مناسبت سے ایک شاندار کنٹینٹ کریٹرز کمپٹیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں نوجوان کنٹینٹ کریٹرز نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر ہریپور نور نواز تھے جبکہ تقریب کی صدارت صدر ہریپور چیمبر آف کامرس ملک عمیر خالد نے کی۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، نوجوانوں اور سوشل میڈیا سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔
کمپٹیشن کے ججز کے فرائض سینئر جرنلسٹ وقار علی، سابق سیکرٹری چیمبر فرحت نواز، کاشف علی اور ملک عزیر نے سرانجام دئیے۔ ججز نے شرکاء کے تیار کردہ کنٹینٹ کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے بہترین تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والوں کا انتخاب کیا۔
نتائج کے مطابق زہرہ بی بی نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ وردہ بی بی دوسری اور قاضی ابوبکر اور عارف اعوان تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ کامیاب شرکاء میں انعامات اور تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔
اس موقع پر سی ای او رینکنگ گرو عماد علی، عثمان خان، عبدالباسط سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان نسل میں مثبت اور معیاری ڈیجیٹل کنٹینٹ کے فروغ کے لیے اس طرح کی سرگرمیاں نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “بنیان مرصوص” جیسے موضوعات قومی یکجہتی، حب الوطنی اور مثبت سوچ کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے اس نوعیت کے پروگرامز کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔



















