اسلام آباد 01 مارچ 2021 (ٹی این ایس): پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے لئے مولانا فضل الرحمان، شاہد خاقان عباسی اور راجا پرویز اشرف نے ملاقات کی۔
سینیٹ انتخابات میں کامیابی کے لئے پی ڈی ایم متحرک ہوگئی ہے، دیگر جماعتوں کے ارکان قومی اسمبلی کے علاوہ آپس میں ملاقاتوں کے سلسلے تیز ہوگئےہیں، اسی حوالے سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات کی ہے، جس میں فیصل کرہم کنڈی، مولانا لطف الرحمان، مفتی ابرار احمد سمیت دیگر موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سینٹ انتخابات میں سیٹ ایڈجسمنٹ سے متعلق مشاورت کی گئی، اور اسلام آباد سے پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کی کامیابی سے متعلق حکمت عملی طے کرلی گئی ہے، جب کہ ملاقات میں لانگ مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔