اسلام آباد (ٹی این ایس) کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے پاکستان میں فوڈ سیکیورٹی سپورٹ پروجیکٹ 2025–26 کے پانچویں اور آخری مرحلے کو کامیابی سے مکمل کر لیا ہے، جو ملک بھر میں غذائی قلت کے خاتمے اور مستحق طبقات کی مدد کے لیے اس کے جاری انسانی ہمدردی کے اقدامات میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ اس مرحلے کے تحت ملک کے 31 اضلاع میں تقریباً 195,487 افراد مستفید ہوئے۔
اس قومی سطح کے منصوبے کے تحت امدادی سرگرمیاں 31 اضلاع میں انجام دی گئیں، جن میں پنجاب کے 10، خیبر پختونخوا کے 5، بلوچستان کے 7، سندھ کے 6 اور آزاد جموں و کشمیر کے 3 اضلاع شامل ہیں۔ اس اقدام کا مقصد غذائی عدم تحفظ کا شکار اور مستحق خاندانوں کو بروقت بنیادی خوراک کی فراہمی یقینی بنانا تھا۔
اس آخری مرحلے میں ہزاروں مستحق خاندانوں میں فوڈ پیکجز تقسیم کیے گئے۔ ہر پیکج کا وزن 97 کلوگرام تھا، جس میں 80 کلوآٹا، 5 لیٹر کھانا پکانے کا تیل، 5 کلو چینی، 5 کلو دال چنا، اور 2 کلو کھجور شامل تھیں، جو مستحق خاندانوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہوئیں۔
یہ تقسیم نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز ، ضلعی انتظامیہ اور کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے شراکت دار اداروں حیات فاؤنڈیشن اور پیس اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے تعاون سے شفاف، مؤثر اور منظم انداز میں مکمل کی گئی، تاکہ امداد حقیقی مستحقین تک بروقت پہنچ سکے۔
یہ منصوبہ پاکستان میں غذائی تحفظ کے فروغ اور ضرورت مند طبقات کی معاونت کے لیے کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ یہ عالمی سطح پر انسانی خدمت، تکالیف کے خاتمے اور پائیدار ترقی کے فروغ کے اس کے مشن کو بھی اجاگر کرتا ہے۔













